سندھ کے وزیر زراعت اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے ملک پر مزدور دشمن حکمران قابض ہیں اور یہ سلیکٹڈڈ حکومت غریب دشمن پالیسی پر چل رہی ہے۔
اسماعیل راہو نے مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان لاکھوں مزدوروں کو بےروزگار کر چکے ہیں۔
صوبائی وزیر نے مطالبہ کیا کہ یومِ مزدور پر وفاق تمام اداروں اور صنعتوں کے برطرف ملازمین کو بحال کرے۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ وفاق نے تین سالوں میں مزدور طبقے کو کوئی ریلیف نہیں دیا، نالائق حکومت نے ملک میں منہگائی کا طوفان برپا کیا ہے۔
اسماعیل راہو نے کہا کہ مزدور طبقہ ایک وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہے، عمران خان غریب، مزدور اور کسان کو چینی، آٹے، ادویات اور پیٹرول کی مد میں لوٹ رہے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جس نے مزدوروں کو رہنے کے لیے گھر دیے جبکہ مزدور کارڈ کا اجرا بھی ان کے لیے کئی آسانیاں پیدا کرے گا۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ محنت کشوں کے مفادات چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی اولین ترجیح ہیں، پیپلزپارٹی مزدوروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
Comments are closed.