اسلام آباد یونائٹیڈ کے افغان کرکٹر رحمان اللّٰہ گرباز نے کہا ہے کہ مجھے بابر اعظم نے جو سمجھایا وہ ان ہی کی ٹیم کے خلاف اپلائے کیا اور فائدہ ہوا۔
جیو سے خصوصی بات چیت میں رحمان اللّٰہ گرباز کا کہنا تھا کہ اسٹارٹ اچھا ہوا تھا مگر بعد میں اچھا نہ کھیل سکا۔ جو مجھ سے توقعات تھی اس پر مکمل طور پر پورا نہیں اترا اس لیے مطمئن نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ باقی میچز میں ٹیم کےلیے اچھا اسکور کرنے کی کوشش کروں گا، اگلے میچز کےلیے بھرپور پلاننگ کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔
رحمان اللّٰہ گرباز نے کہا کہ اعظم خان کی بیٹنگ کو ہر کوئی انجوائے کرتا ہے، وہ بڑے بڑے چھکے مارتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں ٹیم میں شرارتیں کرتا ہوں مگر حسن علی کی طرح کا شرارتی نہیں، حسن علی بہت شرارتی ہیں جبکہ ٹیم میں ہم وطن فضل حق فاروقی بھی شرارتی ہیں۔
رحمان اللّٰہ گرباز کا کہنا تھا کہ روٹی گینگ میں مجھے بھی شامل کیا جاتا، میں افغانستان سے ڈرائی فروٹ لاتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ میں سب ایک فیملی کی طرح ہیں، لیگ میں صرف کرکٹ کھیلنا مقصد نہیں، اچھی یادیں بنانا بھی اہم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فرنچائز لیگ میں دوسرے کھلاڑیوں کو سمجھنے کا اچھا موقع ملتا ہے، انٹرنیشنل کرکٹ میں آپ کو موقع نہیں ملتا کہ ایک دوسرے کو جانیں۔
رحمان اللّٰہ گرباز نے کہا کہ فرنچائز کرکٹ میں آپ کو بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے، کرکٹ کی بنیاد ایک ہی ہے، لیجنڈز کے مشورے مختلف نہیں ہوتے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہاں بیٹنگ کےلیے ایک پلیئر سے مشورہ کرتا ہوں اور وہ ہیں بابر اعظم۔
انہوں نے کہا کہ بابر اور میرا بیٹنگ اسٹائل مختلف ہے لیکن کارکردگی میں تسلسل کا مائنڈ سیٹ ان سے پوچھتا ہوں۔
رحمان اللّٰہ گرباز کا کہنا تھا کہ پاکستان سے سیریز سے قبل افغان پلیئرز کا یہاں ہونا ہمارے ساتھ ساتھ پاکستان کےلیے بھی مفید ہے، اگر ہمیں پاکستانی پلیئرز کا اندازہ ہوگا تو انہیں بھی ہمارا اندازہ ہو رہا ہوگا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس وقت میرا فوکس فرنچائز کرکٹ پر ہے، پی ایس ایل مکمل ہوجائے گا پھر پاکستان افغانستان سیریز پر فوکس ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کرکٹ ٹیم پہلے جیسی نہیں رہی، فرنچائز کرکٹ کا بہت فائدہ ہوا ہے، ٹی ٹوئنٹی میں ہماری ٹیم کافی اچھی ہوچکی ہے۔
Comments are closed.