جمعہ 17؍شعبان المعظم 1444ھ10؍مارچ 2023ء

اینٹی کرپشن کا پنجاب اسمبلی میں چھاپہ، محمد خان بھٹی کا ریکارڈ قبضے میں لے لیا

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے سابق پرنسپل سیکریٹری محمد خان بھٹی کے خلاف تحقیقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔

لاہور میں اینٹی کرپشن کی ٹیم نے پنجاب اسمبلی میں چھاپہ مارا اور محمد خان بھٹی کے دور کا سارا ریکارڈ قبضے میں لے لیا۔

محمد خان بھٹی نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے کوئی اعترافی بیان نہیں دیا اور نہ ہی 164 کا کوئی بیان دیا ہے، ان سے منسوب بیان بے بنیاد ہے۔

ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن حکام نے پنجاب اسمبلی میں چھاپہ مارا اور محمد خان بھٹی کے دور میں ہونے والی بھرتیوں، ٹرانسفر پوسٹنگ اور ملنے والی مراعات کا ریکارڈ حاصل کرلیا۔ اینٹی کرپشن ٹیم تین گھنٹے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کرتی رہی۔

ترجمان محکمہ اینٹی کرپشن کے مطابق سابق مشیر زراعت وزیر اعلیٰ پنجاب عبدالحئی دستی دوسری مرتبہ بھی طلبی کے باوجود اینٹی کرپشن ہیڈ کوارٹر  میں پیش نہیں ہوئے۔

عبدالحئی دستی کو 10 مارچ کو انویسٹی گیشن  کیلئے نوٹسز جاری کیے گئے تھے۔ عبدالحئی دستی کے گھر سےچند دن پہلے 15 کروڑ روپے برآمد ہوئے تھے۔

انہوں نے کک بیکس اور رشوت کی رقم اپنے گھر میں چھپا رکھی تھی۔

ترجمان کے مطابق عبدالحئی دستی عبوری ضمانت پر ہیں،ضمانت منسوخ ہوتے ہی گرفتار کر لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ محمد خان بھٹی کو اینٹی کرپشن کے درج مقدمے میں بلوچستان سے گرفتار کرنے کے بعد رحیم یار خان تھانہ ایئرپورٹ منتقل کیا گیا تھا۔

پرویز الہٰی کے سابق پرنسپل سیکریٹری محمد خان بھٹی کو ملک سے فرار کی کوشش کے دوران حراست میں لیا گیا تھا۔

ڈی جی اینٹی کرپشن سہیل ظفر کا کہنا تھا کہ محمد خان بھٹی بلوچستان میں سرحد عبور کر کے فرار ہوتے ہوئے پکڑے گئے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.