متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے 9 جنوری کو احتجاج کی کال دے دی۔ سربراہ ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے ہمارا فیصلہ، عزت سے جینا اور حقوق کے لیے لڑ کر مرنا ہے۔
کراچی کے علاقے بہادر آباد پارک میں ذمہ داروں اور بلدیاتی امیدواروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ کارکنان بلدیاتی انتخابات کی تیاری کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان شفاف بلدیاتی انتخابات چاہتی ہے اور ہر صورت انتخابات میں حصہ لے گی۔ انہوں نے 9 جنوری کو بلدیاتی حلقہ بندیوں، ووٹر فہرستوں اور مردم شماری پر احتجاج کا اعلان بھی کیا۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ وہ تمام سیاسی جماعتوں کو احتجاج میں شرکت کی دعوت دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم سے جانے والوں نے سمجھ لیا ہے کہ باقی سارے راستے بھٹکانے والے ہیں، مہاجروں کو معلوم ہے کہ ان کی صحیح جگہ صرف ایم کیو ایم ہی ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا گزشتہ روز اجلاس میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان کا ڈیڈ لاک رہا اور ایم کیو ایم نے ان کی بات نہیں مانی۔
خواجہ اظہار کا کہنا تھا کہ جب ایم کیو ایم کا نام اور انتخابی نشان تسلیم کر لیا تو پھر انہیں کیا مسئلہ ہوسکتا ہے۔
دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کا وفد بدھ کو جماعت اسلامی اور مسلم لیگ ن سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماوں سے بھی ملاقات کرے گا اور انہیں احتجاج میں شرکت کی دعوت دے گا۔
Comments are closed.