بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ایران میں واٹس ایپ اور انسٹاگرام سروس بند

ایران نے ملک بھر میں میٹا پلیٹ فارمز انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی سروس کو بند کردیا ہے جبکہ ملک کے زیادہ تر حصوں میں باقی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پہلے سے ہی بند ہیں۔

 لندن میں مقیم نیٹ بلاکس کی رپورٹ کے مطابق، پڑوسی ملک ایران میں پولیس کی حراست میں لڑکی کی ہلاکت کے بعد شروع ہونے والے مظاہروں کے دوران ملک میں انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی سروس کو بند کردیا گیا ہے۔

نیٹ بلاکس نے ایران میں قومی سطح پر شہریوں کے ایک دوسرے سے رابطے منقطع ہونے کی بھی اطلاع دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق، انسٹاگرام کی سروس بلاک ہونے کے چند گھنٹے بعد ہی واٹس ایپ کے سرورز کو بھی متعدد انٹرنیٹ فراہم کنندگان سے منقطع کردیا گیا۔

رپورٹ میں سامنے آنے والے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ پیر سے مغربی ایران کے صوبہ کردستان کے کچھ حصّوں میں انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بند ہےجبکہ دارالحکومت تہران اور ملک کے دیگر حصّوں کو بھی جمعے کے بعد سے ہی انٹرنیٹ سروس تک رسائی حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

پڑوسی ملک ایران میں پولیس کی حراست میں لڑکی کی ہلاکت کے بعد شروع ہونے والے مظاہروں میں ہلاکتوں کی تعداد 9 ہو گئی۔

رپورٹ کے مطابق، ایران میں حکومت نے شہریوں کی انٹرنیٹ تک رسائی کو اس لیے روکا ہے تاکہ مظاہرین ملک میں جاری مظاہروں کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرکے دیگر لوگوں کی حمایت حاصل نہ کرسکیں اور ناہی میڈیا کو ملک میں جاری بدامنی اور ہنگامی صورتحال سے متعلق قابل اعتماد رپورٹس مل سکیں۔

دوسری جانب ایران کے وزیر مواصلات کا بدھ کے روز کہنا تھا کہ خبر رساں اداروں نے ملک میں انٹرنیٹ سروس کو بلاک کرنے کے حوالے سے ان کے بیان کو غلط انداز سے پیش کیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.