قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور آئی سی سی ون ڈے انٹرنیشنل پلیئرز رینکنگ میں پہلے نمبر پر موجود بیٹسمین بابراعظم نے کہا ہے کہ اُن کا اگلا ہدف اپنی اس درجہ بندی کو برقرار رکھنا ہے۔
بابر اعظم نے اپنی اس شاندار کامیابی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ظہیر عباس، جاوید میاں داد اور محمد یوسف کی فہرست میں شامل ہونے پر فخر ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ تینوں کرکٹرز ہمیشہ پاکستان کرکٹ کے روشن ستارے رہیں گے۔
بابراعظم نے یہ بھی کہا کہ کوشش کروں گا کہ محنت اور یکسوئی کا مظاہرہ کروں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس سے قبل ٹی ٹونٹی کی عالمی پلیئرز رینکنگ میں بھی نمبر ون بن چکے ہیں مگر ان کا اصل ہدف ٹیسٹ کرکٹ کا نمبر ون بیٹسمین بننا ہے کیونکہ کسی بھی کرکٹر کی صلاحیتوں کا اصل امتحان تو ٹیسٹ کرکٹ ہی ہے۔
بابراعظم کا کہنا تھا کہ وہ اس مقام کے حصول کے لیے سخت محنت کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور کوشش ہوگی کہ عمدہ کارکردگی کا تسلسل برقرار رہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ فی الحال ان لمحات سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں کیونکہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت سنبھالنے کے 18 ماہ بعد پاکستان ایشیاء کا وہ واحد ملک بن گیا ہے کہ جس نے جنوبی افریقہ کو اس کی اپنی سرزمین پر دوسری مرتبہ ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں شکست دی ہے۔
واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ون ڈے رینکنگ کے مطابق بابر اعظم نے ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے نمبر ون پوزیشن پر قبضہ جما لیا۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی اکتوبر2017 سے آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر تھے۔
آئی سی سی نے کھلاڑیوں کی نئی ون ڈے رینکنگ جاری کردی، بیٹنگ فہرست میں پاکستانی کپتان بابر اعظم کا پہلا نمبر جبکہ ویرات کوہلی دوسرے نمبر پر چلے گئے۔
تازہ ون ڈے رینکنگ میں روہت شرما تیسری، روس ٹیلر چوتھی، ایرون فنچ پانچویں پوزیشن حاصل کرسکے۔
فہرست میں جونی بیراسٹو کا چھٹا، فخر زمان کا ساتواں ،فاف ڈوپلیسی کا آٹھواں، ڈیوڈ وارنر کا نواں اور شائی ہوپ کا دسواں نمبر ہے۔
خیال رہے کہ سر ویو رچرڈز نے جنوری1984 سے اکتوبر1988 تک جبکہ ویرات کوہلی نے 1258 روز تک یہ پوزیشن اپنے پاس رکھی۔
Comments are closed.