بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

آرمی چیف سے امریکی سفیر کی ملاقات، خطے میں سیکیورٹی صورتحال پر بات چیت

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکا کی قائم مقام سفیر انجیلا ایگلر نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے میں سیکیورٹی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق اس ملاقات میں افغان امن عمل میں حالیہ پیشرفت پر بھی بات چیت کی گئی، جبکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ستمبر 2021 تک افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کے اعلان کا خیرمقدم کیا۔ 

اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ خوشحال، مستحکم اور پُرامن افغانستان، پاکستان اور خطے کے بہترین مفاد میں ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ توقع ہے ہر شعبے میں پاکستان اور امریکا کا تعاون مزید فروغ پائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی سفیر نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

اسی طرح امریکی سفیر نے بالخصوص افغان امن عمل میں پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کی بھی تعریف کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی سفیر نے افغانستان میں امن کے حصول کے لیے امریکی امداد جاری رکھنے کا یقین دلایا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.