اتوار 19؍شعبان المعظم 1444ھ12؍مارچ 2023ء

امریکا میں ٹی بی سے بچاؤ کیلئے نیا مرکب تیار

میڈیکل سائنس میں جدید ترقی کے باوجود بھی ٹی بی (Tuberculosis) ایک جان لیوا بیماری ہے۔

یہ بیماری کئی ممالک میں آج بھی قیمتی جانوں کے نقصان کا باعث بن رہی ہے لیکن اب اس بیماری سے بچاؤ کے لیے تیار کیے جانے والے نئے مرکب سے مستقبل کے لیے ٹی بی کا شکار افراد کے مؤثر علاج کے لیے امید کی ایک کرن روشن ہوئی ہے۔

امریکا کی کورنیل یونیورسٹی کے ماہرین نے ایک ایسا مرکب تیار کیا ہے جوکہ  انسانی جسم میں ٹی بی کی وجہ بننے والے ’مائیکوبیکٹیریئم ٹیوبرکلوسیس‘ کو تیزی سے مفلوج کرکے تباہ کرسکتا ہے۔ اس مرکب کا نام (CLB073) رکھا گیا ہے۔

اس مرکب کو تیار کرنے کے لیے تحقیق کورنیل یونیورسٹی میں واقع کالج آف ویٹرنری میڈیسن (سی وی ایم) کے پروفیسر ڈیوڈ رسل اور ولیم نے کی ہے۔

ماہرین کے کئی تجربات کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ (CLB073) بیکٹیریا کے کاربن کا راستہ روکتا ہے، جس کی وجہ سے بیکٹیریئم مرجاتا ہے۔

اب یہ توقع کی جارہی ہے کہ بہت جلد اس مرکب کی انسانوں پر بھی آزمائش شروع کی جائے گی۔

کورنیل اور ویل کورنیل میڈیسن، اس مرکب کی تیاری میں’ٹیوبرکلوسیس ڈرگ ایکسلریٹر‘ سے وابستہ 25 رکنی نیٹ ورک کا حصّہ ہیں، جس میں حکومتی ادارے، سائنسدان، جامعات، ادویہ ساز ادارے اور دیگر کمپنیاں شامل ہیں۔ 

تمام فریقین سال میں2 مرتبہ ملتے ہیں اور ٹی بی کے خلاف علاج کے لیے نئے طریقوں پر غور کرتے ہیں۔

اس حوالے سے بل اور میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے بھی کافی تحقیقات کی ہیں جوکہ فروری 2023ء میں مکمل ہوئی ہیں۔ 

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.