پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ 9 مئی کو آرمی تنصیبات پر حملوں کی تفتیش آرمی نے ہی کرنی ہے، جس جتھے نے 9 مئی بپا کیا انہیں اپنا جرم فیس کرنا ہوگا، کسی کا جرم اس لیے معاف نہیں کیا جا سکتا کہ اس نے الیکشن لڑنا ہے۔
گوجرانوالہ میں مشاورتی اجلاس کے بعد کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء نے کہا کہ نواز شریف 21 اکتوبر کو پاکستان آ رہے ہیں، ٹی وی کے ذریعے قوم سے خطاب کریں گے، نواز شریف ملک کو مشکلات سے نکالنے کا حل بتائیں گے۔
راناثناء اللّٰہ نے کہا کہ بار بار سازش کے ذریعے نواز شریف کو نکال کر ترقی کا سفر روکا گیا، 1999 میں لوڈ شیڈنگ اور خود کش حملوں کا کسی نے تصور بھی نہیں کیا تھا،21 اکتوبر کو ملک کی ترقی کا سفر دوبارہ شروع ہونا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر نواز شریف کا استقبال ویسا ہوا جیسا ہم چاہتے ہیں تو ترقی کا سفر ٹھیک سے آگے بڑھے گا، جب تک کارکنان ذاتی طور پر ذمہ داری نہیں لیں گے اس وقت تک بات نہیں بنے گی۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ نواز شریف انتقام پر یقین نہیں رکھتے، شہباز شریف نے بطور اپوزیشن لیڈر ملک کی خاطر فتنے کو ساتھ بیٹھنے کی پیشکش کی، بلاول بھٹو نے اٹھ کر شہباز شریف کی تائید کی۔ انہوں نے کہا کہ آپ قدم بڑھائیں ہم آپ کے ساتھ ہیں، پی ٹی آئی چیئرمین اٹھے اور کہنے لگے میں ساتھ نہیں بیٹھوں گا، تم سب کو جیلوں میں بند کروں گا۔
Comments are closed.