بیلجیم، لکسمبرگ اور یوروپی یونین میں پاکستان کے سفیر ظہیر اے جنجوعہ نے آج پاکستان ٹیکسٹائل کونسل کی سی ای او صالحہ آصف سے پاک یورپی یونین تجارتی تعلقات کے حوالے سے آن لائن ملاقات کی۔
یورپ کے ساتھ پاکستان کی معاشی رسائی میں اضافے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ اقتصادی ڈپلومیسی پاکستان کی معاشی رسائی کو یورپ میں مستحکم کرنے اور بڑھانے کی کلید ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جی ایس پی پلس اسکیم نے پاکستان اور یورپی یونین کے مابین دوطرفہ تجارت کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
سفیر پاکستان نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ جی ایس پی پلس پاکستان اور یورپی یونین کے لئے باہمی فائدہ مند رہا ہے۔ 2014 میں جی ایس پی پلس کے آغاز سے ہی یورپی یونین کو پاکستان کی برآمدات میں 65 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا ہے جبکہ پاکستان کو یورپی یونین کی برآمدات میں 44 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
سفیر پاکستان نے ترجیحی مارکیٹ تک رسائی کے ذریعے پیدا ہونے والے ممکنہ مواقع پر تبصرہ کرتے ہوئے یورپی یونین میں پاکستانی برآمدات میں اضافے اور اس کے تنوع پر زور دیا۔
حکومت پاکستان کی برآمدات کے شعبے کی ترقی کے لئے جاری کوششوں کو اجاگر کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے پاکستانی برآمد کنندگان کو تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو اپنی جانب راغب کرنے کے لئے حکومت کے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ پچھلے دو سال میں پاکستان ’’کاروبار میں آسانی‘‘ کی درجہ بندی میں 39 درجے آگے بڑھا ہے۔
صالحہ آصف نے پاکستان اور یورپ کے مابین تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں سفارتخانے کی کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے سفیر کو آر اینڈ ڈی کے ذریعے ٹیکسٹائل کی برآمدات بڑھانے کے لئے پی ٹی سی کے منصوبوں اور یورپی بلاک میں زیادہ سے زیادہ مارکیٹ تک رسائی کو محفوظ بنانے کی کوششوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
Comments are closed.