اسلام آباد کے علاقے سیکٹر جی 13 میں پولیس کی گاڑی پر موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک اہلکار شہید ہوگیا جبکہ سب انسپکٹر اور دوسرا اہلکار زخمی ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کی گاڑی معمول کے گشت پر تھی جب کنٹینر چوک پر اس پر فائرنگ کی گئی۔
فائرنگ سے زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر پمز اسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والا پولیس اہلکار قاسم دورانِ علاج پمز اسپتال میں دم توڑ گیا۔
ترجمان کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ایک سب انسپکٹر اور دو کانسٹیبل کنٹینر چوک پر معمول کی چیکنگ پر تھے۔
پولیس اہلکاروں نے دوران چیکنگ موٹر سائیکل سواروں کو روکا، جس پر موٹر سائیکل پر سوار ان ملزمان نے فائرنگ کردی۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی فائرنگ سے سب انسپکٹر، دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے، پمز میں زیرِ علاج زخمیوں میں سب انسپکٹر جمیل، ہیڈ کا نسٹیبل قاسم شامل ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے، ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
آئی جی اسلام آباد پولیس قاضی جمیل الرحمان نے جائے وقوعہ اور پمز اسپتال کا دورہ کیا۔
آئی جی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ زخمی اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام تر وسائل استعمال کیے جائیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل راولپنڈی میں بھی پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں ایس ایچ او تھانہ ریس کورس عمران عباس شہید ہوگئے تھے۔
شہید ہونے والے انسپکٹر عمران عباس کی نماز جنازہ کل ادا کی جائے گی، نماز جنازہ دوپہر 2 بجے پولیس لائن ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں اداکی جائے گی۔
Comments are closed.