سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کے صاحبزادے اور وکیل احمد حسن رانا نے سینیٹر فیصل واوڈا کو قانونی نوٹس بھجوانے کا اعلان کردیا۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ گفتگو کے دوران احمد حسن رانا نے کہا کہ فیصل واوڈا کو قانونی نوٹس بھجوائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ والد صاحب اپنی مرضی سے بات کرتے ہیں، وہ مجھے جتنا بتائیں گے میں بیان کردوں گا۔
سابق چیف جج گلگت بلتستان کے صاحبزادے نے مزید کہا کہ کورٹ نے ابھی آبزرویشن دی ہے، آرڈر پاس نہیں کیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ والد صاحب کا نواز شریف صاحب سے براہ راست رابطہ رہا ہے، نواز شریف کی گرفتاری کے وقت میں اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب تھا، میں جیل جا کر اُن سے ملا تھا۔
احمد حسن رانا نے مزید کہا کہ والد صاحب نے مجھے پیغام دیا ہے کہ حلف نامہ کسی صحافی کے حوالے نہیں کیا تھا، انہوں نے فی الحال اس بارے میں ’نو کمنٹ‘ کہا ہے۔
شاہ زیب خانزادہ نے استفسار کیا کہ کیا آپ کے والد رانا شمیم 26 نومبر کو عدالت میں پیش ہوں گے؟ تو احمد حسن ایڈووکیٹ نے جواب دیا ’ انشاء اللّٰہ‘۔
Comments are closed.