سابق وزیرِ داخلہ اور اپوزیشن جماعت ن لیگ کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے وزیراعظم عمران خان پر نفرت انگیز اور تشدد پسند کھیپ تیار کرنے کا الزام لگادیا۔
نارووال میں میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میں کسی سیاسی کارکن نے خواتین پر کبھی حملہ نہیں کیا، پی ٹی آئی کے غنڈوں نے کل خواتین پر حملے کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے نفرت اور تشدد پسند کھیپ تیار کی ہے، کل اراکین اسمبلی پر حملہ کر کے انہوں نے حدیں پار کردی ہیں۔
ن لیگ کے سینئر رہنما نے مزید کہا کہ مجھے افسوس ہے کہ عمران نیازی نے اس کی ابھی تک مذمت نہیں کی، انہوں نے یہ رویے نہ روکے تو ن لیگ کے کارکن بھی بپھر جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ سے اپیل ہے اس غنڈہ گردی کا نوٹس لیں۔
احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ اخلاقیات کے مبلغ عمران نیازی بھاشن دے رہے ہیں سیاست میں پیسہ نہیں چلنا چاہیے، جس اخلاقیات کا درس دے رہے ہیں وہ خود اس پر کتنا عمل کر رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ جہاں ان کے مفاد کو نقصان پہنچتا ہے وہاں وہ پاکستان کو بدنام کرنے میں کوئی کثر نہیں چھوڑتے، جہاں ان کو فائدہ ہو رہا ہوتا ہے تمام اصول اٹھا کر گٹر میں پھینک دیتے ہیں۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ اعتماد کے ووٹ کے لیے 16 ممبران حلال، وزیر خزانہ کے خلاف ووٹ دیں تو ووٹ فروخت کرنے والے ہوگئے، سینیٹ میں حکمران اتحاد کے پاس 47، اپوزیشن کے پاس 53 نشستیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان صاحب مان جائیں، آپ ہار چکے ہیں، آپ اپنے امید وار صادق سنجرانی کی فتح کا ڈھول بجا رہے ہیں، ہمیں ذرا وہ سائنس بتائیں، جس سے 47 ووٹ 53 ہوں گے۔
احسن اقبال نے کہا کہ 47 ووٹوں سے اپنا امیدوار منتخب کرنے کی بات آپ کے ہارس ٹریڈنگ کرنے کا اعتراف ہے، آپ اعتراف کرتے ہیں کہ آپ نے سینیٹرز کو خریدنے کی منڈی لگا رکھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے پوری دنیا میں سینیٹ کو بدنام کیا، سینیٹ کی 51 نشستوں پر آپ کو کوئی اعتراض نہیں، ایک سیٹ پر جو آپ ہار گئے اس پر پورے سیاسی نظام کی دھجیاں بکھیر دیں۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ آپ نے پوری دنیا کو یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ ہمارا ہر رکن اسمبلی بکتا ہے، آپ کو شرم آنی چاہیے، اپنی ناکامی کو چھپانے کے لیے پاکستان کو بدنام کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں پوچھتا ہوں کہ جس ملک کا وزیراعظم پاکستان کو منی لانڈرنگ کا اڈہ قرار دے گا، اس کو فیٹف گرے سے وائٹ لسٹ میں کیسے کرے گا؟ عمران نیازی آپ پاکستان کی بدنامی اور تباہی کے ذمہ دار ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ قوم آپ سے چھٹکارا حاصل کرے، آج سی پیک، معیشت، ترقی ٹھپ ہو چکی ہے، صرف عمران نیازی کی انا اور نفرت بڑھتی جارہی ہے۔
Comments are closed.