آن لائن شاپنگ پلیٹ فارمز سے منشیات اسمگلنگ کا انکشاف سامنے آیا ہے، اینٹی نارکوٹکس فورس نے مختلف شہروں میں کارروائی کرتے ہوئے 11 افراد کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے مطابق تحقیقات میں مزید ملزمان کی شناخت بھی ہوئی ہے، گروہ سے منسلک افراد کا تعلق پاکستان کے چاروں صوبوں سے ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اے این ایف نے 33 پارسل قبضے میں لے کر 53.7 کلو چرس قبضے میں لے لی، کارروائی میں1.6 کلو آئس، 1.2 کلو افیون بھی برآمد کی گئی۔
چند ماہ سے آن لائن شاپنگ پلیٹ فارمز کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کی اطلاعات مل رہی تھیں۔
ترجمان اے این ایف نے بتایا کہ ایک پیشہ ور گروہ آن لائن شاپنگ پلیٹ فارم پر کمپنیاں رجسٹر کرکے منشیات اسمگلنگ کر رہا تھا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اب تک کی تحقیقات کے مطابق گروہ کا نیٹ ورک ملک بھر میں پھیلا ہوا ہے، بڑے ای کامرس پلیٹ فارمز کے ملازمین کا اس گھناؤنے فعل میں ملوث ہونا بھی خار ج از امکان نہیں۔
Comments are closed.