سابق صدر آصف علی زرداری نے الیکشن کمیشن کے محسن نقوی کو نگراں وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔
ایک بیان میں سابق صدر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے حکومت اور اپوزیشن کے بھیجے گئے 4 ناموں سے میں محسن نقوی جیسے بہترین شخص کا انتخاب کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ محسن نقوی ایک سیلف میڈ انسان ہیں، ان کے تعلقات تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ ہیں، انہوں نے کبھی الیکشن لڑا نہ کسی سیاسی سرگرمی کا حصہ بنے۔
آصف زرداری نے اپنے بیان میں محسن نقوی کی تقرری پر اعتراض کرنے والوں کو بھی کرارا جواب دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ محسن نقوی پر اعتراضات کرنے والے بتائیں کہ اگر ارشاد احمد حقانی اور عارف نظامی جیسے قابل احترام صحافی نگراں حکومتوں کا حصہ بن سکتے ہیں، اگر نجم سیٹھی نگراں وزیراعلیٰ بن سکتے ہیں تو محسن نقوی اس عہدے کے لیے موزوں کیوں نہیں ہیں؟
سابق صدر آصف علی زرداری نے توقع ظاہر کی کہ محسن نقوی بہت جلد اپنے حسن کردار اور قابلیت سے ناقدین کے منہ بند کر دیں گے۔
Comments are closed.