منگل 28؍شعبان المعظم 1444ھ21؍مارچ 2023ء

آج میں چھپ کرعدالت پہنچا ہوں: عمران خان کا ہائیکورٹ میں بیان

لاہور ہائی کورٹ میں طارق سلیم شیخ کی عدالت کے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کرنے کے بعد عمران خان جسٹس شہباز رضوی کی عدالت میں پہنچ گئے۔

جسٹس شہباز رضوی اور جسٹس فاروق حیدر عمران خان کی حفاظتی ضمانت پر سماعت کریں گے۔

اس سے پہلے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس طارق سلیم شیخ کے روبرو پیش ہوئے جہاں ان کے خلاف زمان پارک میں آپریشن کے خلاف دائر توہینِ عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

جسٹس طارق سلیم شیخ نے استفسار کیا کہ عمران خان کے ساتھ عدالت میں یہ گارڈز کس کے ہیں؟ اگر پولیس کے ہیں تو ٹھیک ہے، اگر پرائیویٹ گارڈز ہیں تو باہر جائیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ سر! یہ خان صاحب کی ذاتی سیکیورٹی ہے۔

جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہا کہ سیکیورٹی کے لیے پولیس اہلکار موجود ہیں۔

اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت تھانہ سنگجانی میں درج مقدمے میں آج کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر ساڑھے 3 بجے فیصلہ ہو گا۔

زمان پارک میں آپریشن کے خلاف دائر توہینِ عدالت کی درخواست پر سماعت کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان روسٹرم پر آ گئے۔

سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے عدالت کے روبرو بیان میں کہا کہ میری اہلیہ گھر پر تھیں، میرے گھر کے شیشے توڑے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اسلام آباد میں تھا کہ پولیس نے میرے پیچھے گھر میں کارروائی کی، میری بیوی گھر پر اکیلی تھی، شیشے ٹوٹنے پر اس نے چیخیں ماریں، گھر میں پولیس کی کارروائی کی فوٹیج موجود ہے۔

عمران خان نے عدالت کو بتایا کہ آج میں چھپ کر عدالت پہنچا ہوں، اس گاڑی میں آیا ہوں جس کو کوئی نہیں جانتا، آج میں بغیر کسی قافلے کے آیا ہوں، جگہ جگہ رکاوٹیں لگا کر مجھے روکا گیا تاکہ عدالت نہ پہنچ سکوں۔

جسٹس طارق سلیم شیخ نے تنبیہ کی کہ میڈیا پر بیٹھ کر جو عدلیہ کا مذاق بنا رہے ہیں میں ان کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کروں گا، اگر تمام فریقین نے عدلیہ کی عزت نہ کی تو پھر توہینِ عدالت کی کارروائی کروں گا۔

عدالت نے سرکاری وکیل کو زمان پارک آپریشن سے متعلق ہدایات لے کر پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔

اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نے استدعا کی کہ کیس دوسری عدالت میں منتقل کیا جائے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کس بات پر آپ کو عدالت پر اعتماد نہیں ہے، یہ تو پہلے کا فیصلہ ہے، اگر اس طرح کا آئندہ معاملہ ہوا تو میں توہینِ عدالت کی کارروائی کروں گا، یہ کیس پہلے سے چل رہا ہے، عدالتی حکم بھی پہلے کا ہے، لہٰذا آپ عدلیہ کی توہین نہ کریں، ہم نے بار بار آپ کو مقدمات کے ریکارڈ کے لیے نوٹسز جاری کیے ہیں، آپ مہلت مانگ رہے ہیں، واٹس ایپ کا جدید دور ہے آپ کاپی واٹس ایپ کے ذریعے منگوا لیں۔

جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہا کہ ہم نے قانون کے مطابق کارروائی کرنی ہوتی ہے، ہم صرف قانون کی بات کرتے ہیں۔

لاہور ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف زمان پارک آپریشن کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست پر سماعتکرتے ہوئے آئی جی پنجاب سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کرلیا اور سماعت ملتوی کر دی۔

عمران خان کو 2 بجے دن عدالت میں پیش ہونا ہے تاہم وہ لاہور میں واقع اپنی رہائش گاہ زمان پارک سے 1 گھنٹہ قبل ہی لاہور ہائی کورٹ پہنچ گئے۔

عمران خان کی جیمر والی گاڑی کو ہائی کورٹ میں داخلے کی اجازت نہیں ملی۔

سابق وزیرِ اعظم عمران خان اسلام آباد کے 2 مقدمات میں حفاظتی ضمانت کی درخواست کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہوئے۔

عمران خان کی پیشی کے موقع پر عدالتِ عالیہ کے باہر اور اندر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی۔

عمران خان آج زمان پارک میں واقع رہائش گاہ سے اپنے خصوصی حفاظتی اسکواڈ کے ہمراہ قافلے کی صورت میں عدالتِ عالیہ پہنچے تھے۔

لاہور ہائی کورٹ آتے ہوئے پی ٹی آئی کے کارکن بڑی تعداد میں اپنے چیئرمین کے ہمراہ تھے۔

لاہور ہائی کورٹ نے گزشتہ روز عمران خان کو اسلام آباد کے 2 مقدمات میں حفاظتی ضمانت کے لیے آج سوا 2 بجے پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔

عمران خان نے اپنے بیان میں کہا کہ فیصلے سے طاقتور کی طرف سے عدالتی فیصلوں کے احترام کے مستقبل کا تعین ہوگا۔

جسٹس شہباز رضوی اور جسٹس فاروق حیدر نے عمران خان کے خلاف اسلام آباد میں تھانہ گولڑہ اور سی ٹی ڈی کے مقدمات میں حفاظتی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی تھی۔

عدالت نے قرار دیا تھا کہ حفاظتی ضمانت چاہیے تو عدالت میں مقررہ وقت پر موجود ہوں، یہ نہیں ہو گا کہ وہ 7 یا 8 بجے آ رہے ہیں۔

عدالت نے عمران خان کے دستخط اسکین شدہ ہونے کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے ان کے وکیل کو تصدیق کی ہدایت بھی کی تھی۔

جسٹس شہباز رضوی نے وکیل کو کہا کہ وہ یہ بھی تصدیق کریں کہ دستخط عمران خان کے ہیں یا نہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.