بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کالعدم TLP نے پابندی کیخلاف اپیل کردی

کالعدم جماعت تحریک لبیک نے پابندی کے خلاف حکومت کو اپیل کردی، اپیل انسداد دہشتگردی ایکٹ مجریہ 1997 کے تحت کی گئی ہے ۔

ذرائع کے مطابق کالعدم تحریک لبیک کا درخواست میں موقف ہے کہ ہمارا دہشت گردی سےکوئی تعلق نہیں، تحریک لبیک الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ پابندی کے خلاف کالعدم تحریک لبیک کی درخواست کاجائزہ لینے کیلئے کل وزارت داخلہ میں اجلاس طلب کرلیا گیا ہے ، سیکریٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر جائزہ اجلاس کی صدارت کریں گے۔

وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ تحریکِ لبیک پر پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے، یہ فیصلہ انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ تحریک لبیک کے سربراہ سعد رضوی کی 12 اپریل کو گرفتاری کے بعدملک کے مختلف حصوں باالخصوص پنجاب میں ردعمل دیکھنے میں آیا تھا ، پولیس پر حملے کیے گئے ، پولیس والوں کو اغوا کیا گیا اور پھر وفاقی حکومت نے اس جماعت کو کالعدم قرار دینے کا اعلان کیا۔

وفاقی وزیر برائے امورِ داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ تحریکِ لبیک پر پابندی لگانے کا فیصلہ انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ وفاقی حکومت نے اینٹی ٹیرر ازم ایکٹ 1997ء کے رُول 11 بی کے تحت تحریکِ لبیک پاکستان پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا۔

وفاقی وزیر برائے امورِ داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ سعد رضوی پر مقدمے سمیت 210 ایف آئی آر درج ہیں، تمام ایف آئی آر قانونی عمل سے گزریں گی، ریاست اپنے آب و تاب سے قائم ہے، کسی کے دباؤ میں نہیں ہے۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ تحریک لبیک کالعدم قرا ر دیئے جانے کے خلاف 30 دن میں اپیل کرسکتی ہے۔

اس جماعت کو کالعدم قرار دئیے جانے کا اعلان 19 اور 20 اپریل کی درمیانی شب اسی وقت کمزور پڑ گیا جب اس جماعت کے عہدیداروں سے لاہور میں مذاکرات کرکے ان کے مطالبات مان لیے گئے ۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.