پیر27رمضان المبارک 1442ھ 10؍مئی2021ء

اٹلی کی طرف سے بھی سعودی عرب اور امارات کو بڑا دھچکا

یمن میں انسانی حقوق کی پامالی میں ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق سماجی کارکنوں اور قانون سازوں کی طرف سے انتباہ کے بعد اٹلی کی وزارت خارجہ نے کہا کہ اٹلی نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کو اسلحہ کی برآمد کو روک دیا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق وزیر خارجہ لوگی دی مایو نے ایک بیان میں کہا کہ یہ ایک ایسا اقدام ہے جس کو ہم ضروری سمجھتے ہیں۔ ہمارے ملک سے یہ امن کا واضح پیغام ہے۔ ہمارے لئے انسانی حقوق کا احترام ایک اٹل عہد ہے۔

انسانی حقوق تنظیموں نے اٹلی کے اس فیصلے کو “تاریخی” قرار دیا ہے کیونکہ اس سے خلیجی ممالک کو اسلحہ کی فروخت پر مکمل ناکہ بندی کا تعین ہوگا۔

اٹلی میں اسلحہ کی فروخت کے خلاف مہم چلانے والی تنظیموں کے اتحاد ‘اٹلی کے امن اور اسلحے سے پاک نیٹ ورک’ کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے کم از کم 12،700 بموں کی فراہمی بند ہو جائے گی۔

واضح رہے کہ 2018 میں  اٹلی کے وزیر اعظم جوسیپے کونٹے نے عہد کیا تھا کہ وہ یمن میں دخل اندازی اور صحافی جمال خاشقجی کے قتل کی وجہ سے سعودی عرب کو اسلحہ کی فروخت ختم کردیں گے۔

The post اٹلی کی طرف سے بھی سعودی عرب اور امارات کو بڑا دھچکا appeared first on Urdu News – Today News – Daily Jasarat News.

بشکریہ جسارت
You might also like

Comments are closed.