کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) نے پاکستان انٹرنیشنل ائرلائن کے آؤٹ لیٹ کا کے سی سی آئی میں افتتاح کر کے ایک اور اہم سنگ میل عبورکرلیا ہے۔ پی آئی اے کی جانب سے کے سی سی آئی کے ممبران، عملہ اور ان کے اہل خانہ کو ملکی و بین الاقوامی پروازوں پر 10 فیصد رعایت فراہم کی جائے گی۔ اس ضمن میں پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ریٹائرڈ ارشد ملک اور صدر کے سی سی آئی ایم شارق وہرانے کراچی چیمبر میں منعقدہ تقریب میں باہمی مفاہمت کی یادداشت ( ایم او یو) پر دستخط کیے۔ تقریب میں چیئرمین بزنس مین گروپ (بی ایم جی) وسابق صدر کے سی سی آئی زبیر موتی والا، سینئر نائب صدر کے سی سی آئی ثاقب گڈلک، نائب صدر شمس الاسلام خان، سابق صدور یونس محمد بشیر، شمیم احمد فرپو اور جنید اسماعیل ماکڈا ودیگر نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک نے اپنے خطاب میں مرحوم سراج قاسم تیلی کو ملک باالخصوص تاجروصنعتکار برادری کے لیے غیر معمولی خدمات پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ سراج تیلی نے بہت شاندارکام کیا اور اپنی سرشار خدمات کی وجہ سے تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھیں جائیںگے۔ وہ ایک نڈر انسان تھے جنہوں نے تاجر برادری اور کراچی کے حقوق کے لیے بلاخوف و خطر آواز بلند کی لہٰذا انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے نے حال ہی میں کینو کارگو کی ترسیل کی ہے اور مسابقتی نرخوں پر کارگو کی سہولیات کی فراہمی پر توجہ دی جارہی ہے لہٰذا کے سی سی آئی ممبران کارپوریٹ نرخوں پر اپنا سامان بھیجنے کے لیے پی آئی اے کی کارگو سروس استعمال کریں جسے مارکیٹ نرخوں سے کم رکھا جائے گا ۔ کارگو کی قیمت کا فیصلہ آپ خود کریں گے اور ہم اس پر پورا اتریں گے۔
The post کراچی چیمبر کے اراکین کو کارگو سروسز پر رعایت دیں گے،ارشد ملک appeared first on Urdu News – Today News – Daily Jasarat News.
Comments are closed.