راولپنڈی:پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین دوسرا ٹیسٹ سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہو گیا ہے، پاکستان کی جانب سے دئیے گئے 371 رنز ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 127 رنز بنالیے ہیں۔
راولپنڈی میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز قومی ٹیم نے 129 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی اننگز کا آغاز کیا تو کریز پر موجود حسن علی زیادہ دیر تک دوسرے اینڈ پر موجود محمد رضوان کا ساتھ نہ دے سکے اور 143 کے مجموعی اسکور پر 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
ان کے آؤٹ ہونے کے بعد ٹیم کے اسکور کو محمد رضوان کے ساتھ آگے بڑھانے کے لیے یاسر شاہ آئے اور ان دونوں کھلاڑیوں نے مل کر 53 رنز کی شراکت قائم کی تاہم 196 کے مجموعی اسکور پر یاسر شاہ بھی آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 23 رنز اسکور کیے۔196 پر 8 وکٹیں گنوا دینے کے بعد قومی ٹیم کے اگلے آنے والے کھلاڑی نعمان علی تھے جو کھانے کے وقفے تک محمد رضوان کے ہمراہ کیریز پر موجود تھے۔
چوتھے دن جب میچ میں کھانے کا وقفہ ہوا تو قومی ٹیم نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 217 رنز بنا لیے تھے۔وقفے کے بعد جب کھیل کا آغاز ہوا تو محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور محمد رضوان نے ٹیسٹ میچ میں اپنی پہلی سنچری اسکور کی۔یہی نہیں بلکہ محمد رضوان اور نعمان علی نے نویں وکٹ کے لیے 97 رنز کی شراکت بھی قائم کی اور نعمان علی 293 کے مجموعی اسکور پر 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
جس کے بعد اگلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شاہین شاہ آفریدی تھے جو صرف 4 رنز بنا سکے، یوں قومی ٹیم نے دوسری اننگز میں 298 رنز اسکور کیے۔ قومی ٹیم کی جانب سے دوسری اننگ میں محمد رضوان نے سب سے زیادہ 115 رنز بنائے اور وہ ناٹ آؤٹ رہے، ان کے علاوہ نعمان علی 45، اظہر علی 33 اور فہیم اشرف 29 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
دوسری اننگ میں جنوبی افریقی ٹیم کی جانب سے جیورج لنڈی نے 5 کھلاڑیوں جبکہ کیشو ماہاراج نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ربادا کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں۔
371 رنز ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم کی جانب سے ڈین ایلگر اور ایڈن مارکرم نے اننگز کا آغاز کیا، ایلگر 17رنز بناکر شاہین آفریدی کا شکار بن گئے جس کے بعد مارکرم نے وین ڈار ڈاسن کے ساتھ ملکر جارحانہ کرکٹ کھیلی اور اپنی نصف سنچری مکمل کی۔
چوتھے دن کے اختتام پر جنوبی افریقا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 127 رنز بنالیے ہیں۔ مارکرم 59 اور ڈاسن 48 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ٹیسٹ میچ کے آخری روز جنوبی افریقہ کو جیت کیلئے مزید 243 رنز درکار ہیں اور اسکی 9 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔
The post پنڈی ٹیسٹ سنسنی خیز مرحلے میں داخل، مہمان ٹیم کو 243 رنز، پاکستان کو 9 وکٹیں درکار appeared first on Urdu News – Today News – Daily Jasarat News.
Comments are closed.