وزیرِ مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ ٹھپہ مافیا کی جانب سے الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر اعتراض کیا جا رہا ہے۔
فیصل آباد میں وزیرِ مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لیے شفاف انتخابات کے لیے اصلاحات ضروری ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ تحریکِ انصاف کی حکومت صرف اصلاحات پر کام کر رہی ہے، اپوزیشن چوچوں کا مربہ ہے، جس نے اصلاحات کی کوئی تجویز نہیں دی۔
فرخ حبیب نے کہا کہ ہر الیکشن کے بعد دھاندلی کا شور مچایا جاتا ہے، سپریم کورٹ آف پاکستان نے کہا کہ اصلاحات لائیں، اوورسیز کو حق دیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اپنی ہی استعدادِ کار پر اعتراضات اٹھائے ہیں، الیکشن کمیشن کے اعتراضات میڈیا پر پہلے، حکومت کے پاس بعد میں پہنچتے ہیں۔
وزیرِ مملکت برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ الیکشن کمیشن پریس ریلیز کے ذریعے ایسا تاثر دیتا ہے جیسے انتخابی اصلاحات کے خلاف ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ شہباز شریف اور مریم نوازبتائیں کہ ان کے پاس شفاف الیکشن کرانے کے لیے کیا تجاویز ہیں؟
فرخ حبیب کا مزید کہنا ہے کہ ٹیکنالوجی ہر شعبے میں استعمال ہو رہی ہے، انتخابات میں اس کے استعمال پر اعتراض کیا جا رہا ہے۔
وزیرِ مملکت برائے اطلاعات و نشریات نے یہ بھی کہا ہے کہ پارلیمنٹ سپریم ہے، حتمی فیصلے پارلیمان نے ہی کرنے ہیں۔
Comments are closed.