سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کا کہنا ہے کہ جو ماسک نہیں پہنے گا جیل جائے گا، ماسک نہ پہننے پر مقدمہ درج اور گرفتاری ہوگی، جیل کا چکر لگوائیں گے تو پتا چلے گا کہ کووڈ ہے یا نہیں۔
کمشنر لاہور ڈویژن محمد عثمان اور سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
کمشنر محمد عثمان نے کہا کہ کورونا وائرس کی صورتحال سنگین ہے، کورونا مریض بڑھنے پر ہیلتھ سسٹم دباؤ میں ہے، لاہور ڈویژن کے تمام اضلاع میں گھر سے نکلتے وقت ماسک پہننا ضروری ہے۔
محمد عثمان نے کہا کہ جو ماسک نہیں پہنے گا، اس کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی، ضلعی انتظامیہ کے لوگ شام کے وقت فلیگ مارچ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ تمام مارکیٹس کو 6 بجے بند کیا جائے گا، تمام دفاتر میں 50 فیصد عملے کے ساتھ کام کرنا ہوگا، ٹرانسپورٹ میں 50 فیصد سواریوں کی اجازت ہوگی۔
کمشنر لاہور نے کہا کہ اسپتالوں میں بیڈز، وینٹی لیٹرز کی تعداد بڑھائی گئی ہے، اب ریسٹورنٹس کے باہر پارکنگ ڈائننگ پر بھی پابندی ہو گی، 50 فیصد عملہ کی حد پر عمل نہ کرنیوالے دفاتر کے خلاف کارروائی ہوگی۔
Comments are closed.