بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

فضل الرحمٰن کرپٹ، مولانا کہنا علماء کی توہین ہے، وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ فضل الرحمٰن کرپٹ ہیں، انہیں مولانا کہنا علماء کی توہین ہے۔

ساہیوال میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں عمران خان نے کہاکہ فضل الرحمٰن مدارس کے بچوں کو استعمال کر کے اربوں پتی بنا،  وہ خود کو قانون سے بالا تر سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کو فیل ہی ہونا تھا، ان کا کوئی نظریہ نہیں ہے، یہ لوگ پہلی دفعہ اپنی کرپشن بچانے کےلیے نکلے۔

وزیراعظم نے مزید کہاکہ لاہور جلسے کے بعد ہم سمجھ گئے کہ یہ ناکام ہوگئے ہیں، سپریم کورٹ کا سزا یافتہ شخص دم دبا کر لندن میں بیٹھا ہوا ہے۔

اُن کا کہنا تھاکہ جب اپوزیشن کسی پر تنقید کرے تو یہ اعزاز کی بات ہوتی ہے، یہ لوگ اگر فردوس عاشق اعوان، شہباز گل اور مراد سعید پر تنقید کرتے ہیں تو اچھی بات ہے۔

عمران خان نے کہا کہ یہ لوگ اقتدار میں رہ کر 35 سال ملک خون چوس چکے ہیں، ان کا احتجاج مجھے بلیک میل کرنے کے لیے ہے، یہ ہمیں ایف اے ٹی ایف پر بھی بلیک میل کرنے کی کوشش کرچکے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ قومی سمبلی میں سینیٹ الیکشن کو اوپن بیلٹنگ سے کرانے کے لیے ترمیم کا بل پیش کررہے ہیں، کیونکہ ہم سمجھتے ہیں سینیٹ پیسہ چلنا ملک سے بہت بڑی غداری ہے۔

وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ ہم سب ہی جانتے ہیں سینیٹ الیکشن میں بولیاں لگتی ہیں اور پیسہ اوپر تک جاتا ہے، پچھلے الیکشن میں 20 لوگوں نے 5،5 کروڑ روپے لیے۔

ان کا کہنا تھاکہ کرپشن روکنے کی ترامیم کے مخالف قوم کے سامنے بے نقاب ہوں گے اور پتہ چل جائےگا کون کرپشن کررہا ہے اور کون روک رہا ہے۔

عمران خان نے اعتراف کیا کہ پارلیمنٹ کے اندر عوامی مفاد کی جو بحث ہونا چاہیے تھی وہ نہیں ہوسکی ہے، اپوزیشن فارن فنڈنگ میں ہمیں پھنسانے والے تھے اب خود پھنس چکے ہیں۔

انہوں نے دوران گفتگو مریم نواز کو بھی ہدف تنقید بنایا اور کہاکہ خود کو مستقبل کی لیڈر کہنے والی بھی قبضہ مافیا کی حمایت کررہی ہے، اسے پتا نہیں کہ کھوکھر برادران نے 130 کروڑ کی سرکاری زمین پر قبضہ کررکھا تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.