جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

چیئرمین پی ٹی آئی کے کیسز کے باعث پورا دن ضائع ہو جاتا ہے: جج مرید عباس

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے جج مرید عباس نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے کیسز کے باعث پورا دن ضائع ہو جاتا ہے۔ 

اسلام آباد کی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس کی سماعت ہوئی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف اور اسپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی عدالت میں پیش ہوئے جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی کے سینئر وکیل سلمان صفدر ذاتی مصروفیت کے باعث پیش نہیں ہو سکے۔

پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے کہا کہ میں آج دلائل دینے کو تیار ہوں اگر وکیلِ صفائی کی موجودگی میں دلائل دینے ہیں تو تاریخ دے دیں۔ 

جج مرید عباس نے کہا کہ دلائل سلمان صفدر کی موجودگی میں ہی ہوں گے، جس دن چیئرمین پی ٹی آئی کا کیس ہوتا ہے اور کوئی کیس نہیں سن سکتا، آج بھی فری بیٹھا ہوں۔

جج نے کہا کہ خاتون جج کو دھمکی کے کیس کے لیے 2 دسمبر کی تاریخ رکھ لیتے ہیں، ہفتے کا دن مقرر کر لیتے ہیں، ہفتے کو اعلیٰ عدلیہ میں چھٹی ہوتی ہے، ہر ہفتے سماعت نہیں رکھ سکتا، باقی کیسز بھی دیکھنے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے معاون وکیل خالد یوسف نے کہا کہ سائفر کیس میں ہر منگل کو سماعت ہوتی ہے، اس کے لیے بھی منگل کا دن رکھ لیں۔ 

عدالت نے خاتون جج کو دھمکی کے کیس کی سماعت 28 نومبر تک ملتوی کر دی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.