نگراں وزیرِ اعلیٰ محسن نقوی سے پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں اٹلی کے سفیر اینڈریاس فیراریز نے ملاقات کی۔
ملاقات میں ثقافت، سیاحت، تجارت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا اور تجارتی اور ثقافتی وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلوں کے حوالے سے اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اطالوی سفیر نے کہا ہے کہ اٹلی جی ایس پی پلس اسٹیس میں توسیع کے لیے پاکستان کی سپورٹ جاری رکھے گا۔
نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ وقت آگیا ہے پاکستان اور اٹلی کی دوستی کو سود مند معاشی تعلقات میں تبدیل کیا جائے، ثقافت اور تجارت کے شعبے ایک دوسرے سے منسلک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اٹلی کے ساتھ ان شعبوں میں مزید اشتراک کار بڑھانا چاہتی ہے، پولیس لائژن آفیسرز کی تربیت کے لیے اٹلی کے تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ون ونڈو آپریشن شروع کر رہے ہیں، اطالوی سرمایہ کار پنجاب آئیں، ہر ممکن سہولت دیں گے۔
اطالوی سفیر نے کہا کہ باہمی تجارت بڑھانے کے لیے ٹریڈ کمیشن نے کام کا آغاز کر دیا ہے، ورک ویزا میں آسانی لانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ثقافت، سیاحت اور تجارت کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
Comments are closed.