پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے وزیراعظم شہباز شریف کے برطانیہ جانے کو قوم کے پیسے کا ضیاع قرار دے دیا۔
لندن میں انٹرنیشنل لائرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سمپوزیم سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف نے تاج پوشی کی تقریب میں جا کر قوم کا پیسہ ضائع کیا، جبکہ بلاول بھٹو نے بھارت جاکر پاکستان کی بےعزتی کروائی۔
عمران خان نے کہا کہ غریب اور امیر ممالک میں قانون کی حکمرانی کا فرق ہے، مدینہ کی ریاست میں پہلی مرتبہ سب کو مساوی حقوق ملے، پاکستان میں نصف وقت فوجی حکومت اور باقی دو خاندانوں کی حکومت رہی، یہ دونوں خاندان قانون کی حکمرانی کو تسلیم نہیں کرتے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ہر سال اربوں ڈالر غریب ممالک سے امیر ممالک منتقل ہو جاتے ہیں، میری حکومت ختم کرکے اپوزیشن جماعتوں کو پیسے کے زور پر حکومت میں لایا گیا۔
عمران خان نے کہا کہ مطالبے کے باوجود الیکشن نہیں کروائے جا رہے، اسمبلیاں ختم کیے جانے کے بعد 90 روز میں الیکشن ہونے چاہئیں، کبھی پیسے اور کبھی سیکیورٹی کا بہانہ بنایا جا رہا ہے، تمام مسائل کا حل الیکشن ہے، سیاسی استحکام کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔
Comments are closed.