جمعہ 14؍شوال المکرم 1444ھ5؍مئی 2023ء

بلاول بھٹو کا حالیہ دورہ بھارت ’پہلا‘ نہیں ہے

پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری گزشتہ روز شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے 2 روزہ دورے پر بھارت روانہ ہوگئے تاہم ہمسایہ ملک کا دورہ ان کی زندگی کا دوسرا ہے۔

اس سے قبل 2012 میں جب بلاول بھٹو نے باضابطہ طور پر سیاست کا آغاز کیا تو اپنے والد اور اس وقت کے صدر پاکستان آصف علی زرداری کے ہمراہ بھارت گئے تھے۔

2012 میں انہوں نے اپنے دورے کے دوران اجمیر شریف درگاہ پر حاضری دی تھی اور اس وقت کے بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ اور کانگرس پارٹی کے رہنما راہول گاندھی سے ملاقات بھی کی تھی۔

اس دوران انہوں نے سلسلہ وار ٹوئٹس میں بہت کھل کر بھارت کے حوالے سے اپنے خیالات و جذبات کا اظہار کیا تھا۔

ایک ٹوئٹ میں انہوں نے اپنی مرحوم والدہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے ایک اقتباس کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’بے نظیر کہتی تھیں کہ ہر پاکستانی میں تھوڑا سا ہندوستانی اور ہر ہندوستانی میں تھوڑا سا پاکستانی ہوتا ہے‘۔

واضح رہے کہ بھارت کے شہر گوا میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس جاری ہے۔

وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھی شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شریک ہیں۔

 2 روزہ دورے پر بھارت جانے والے بلاول بھٹو زرداری آج شب واپس وطن پہنچیں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.