ہفتہ 15؍شوال المکرم 1444ھ6؍مئی 2023ء

جاوید لطیف کا سابق اور موجودہ ججز کے پلاٹوں کی تفصیلات منگوانے کا مطالبہ

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید لطیف نے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نور عالم خان سے سابق اور موجودہ ججز کے پلاٹوں کی تفصیلات منگوانے کا مطالبہ کردیا۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ پارلیمان کے سامنے کبھی بندوق اور کبھی ہتھوڑے والا ادارہ ہوتا ہے، یہ پارلیمان کو ڈرا دھمکا کر سمجھوتے پر مجبور کرتے ہیں۔

جاوید لطیف نے کہا کہ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سابق اور موجودہ ججز کے پلاٹوں کی تفصیل منگوائیں، خصوصی کمیٹی میں جنرل باجوہ اور جنرل فیض کو بھی بلایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ میثاق جمہوریت پر دستخط ہوئے تو ایک ادارے نے سمجھا یہ اتحاد ہمارے خلاف ہے، پھر ایک شخص کو لانچ کیا گیا، آج اس ادارے نے اعتراف کیا کہ یہ ملک کیلئے ٹھیک نہیں تھا، آج جو ہو رہا ہے وہ دوسرا ادارہ ہے جو سہولت کاری کیلئے بے تاب ہے، وہ ادارہ جو کبھی پیچھے اور آگے کھڑا ہوتا تھا وہ سامنے کھڑا ہے، سیاستدانوں کو تو ہمیشہ بَلی چڑھایا جاتا رہا۔

جاوید لطیف  نے مزید کہا کہ جب بنی گالہ کو ریگولرائز کیا گیا اس وقت ثاقب نثار کا پلاٹ موجود تھا، اس وقت موجودہ لوگوں میں سے بھی ایک کا پلاٹ موجود ہے، نور عالم خان سے کہتا ہوں پلاٹوں کی تفصیل منگوائیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آج پہلی دفعہ یہ پارلیمان آئین اور قانون کی تحفظ کیلئے کھڑی ہے، آج الیکشن کمیشن نے اپنی آزادی کیلئے آواز اٹھائی، الیکشن کمیشن کے پیچھے پارلیمان کھڑی نہیں ہوتی تو حال جسٹس وقار سیٹھ جیسا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمان 2017 میں کھڑا ہوتا، شاہد خاقان دوسرے روز کھڑے ہوجاتے تو تاریخ میں امر ہوجاتے، آپ آئین تشکیل دیتے ہیں، قانون بناتے ہیں مگر اس پر کوئی عمل نہیں ہوتا، صورتحال یہی رہی تو پھر یونہی آئین پامال ہوتا رہے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.