مسلم لیگ نون کی نائب صدر اور سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ اس حکومت کی وجہ سے عوام بہت تنگ ہیں، عمران خان ایک بار آگئے، دوبارہ نہیں آئیں گے۔
جاتی امراء سے کوٹ لکھپت جیل کی جانب روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ اپنے بھائی حمزہ کو لینے کوٹ لکھپت جا رہی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہمت کے ساتھ حمزہ شہباز شریف نے 18 مہینے کی جیل کاٹی ہے، ان پر جھوٹے مقدمات بنائے گئے، 22 سال بعد اللّٰہ پاک نے انہیں اولاد عطاء کی جس سے وہ آج ملیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ یہاں الیکشن میں ایمپائر کو اغوا کرا کے بھی ہار گئے، سینیٹ اور ڈسکہ کے الیکشن کے بعد لانگ مارچ کی تیاری کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ووٹ چور، چینی چور، آٹا چور کا دوبارہ جیتنے کا کوئی چانس نہیں ہے، عمران خان کو ووٹ دینے کا مطلب ہے کہ چور کو ووٹ دینا ہے۔
نون لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار ہیں، حمزہ شہباز پارٹی رکن ہیں اور پارٹی میں کام کرتے رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب ایک حلقہ کھلا تو چیزیں کھل گئی ہیں، پارٹی حمزہ شہباز اور میری جو بھی ڈیوٹی لگائے گی اسے پورا کریں گے۔
مریم نواز شریف کا یہ بھی کہنا ہے کہ یوسف رضا گیلانی اپنی کامیابی کے لیے محنت کر رہے ہیں، ہو سکتا ہے لانگ مارچ کی ضرورت ہی نہ پڑے۔
Comments are closed.