ہفتہ، 31 اکتوبر، 2026 · 21 جمادی الاول، 1448 ہجری

کمیندو مینڈس کی نصف سنچری، سری لنکا فائنل میں مضبوط پوزیشن میں

کھیل
کمیندو مینڈس کی نصف سنچری، سری لنکا فائنل میں مضبوط پوزیشن میں

لاہور میں کھیلے جا رہے پاکستان ون ڈے ٹرائی سیریز کے فائنل میں سری لنکا نے محتاط آغاز کے بعد رنز بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔ اگرچہ پاکستان نے درمیانی اوورز میں دو اہم وکٹیں حاصل کر کے دباؤ بڑھانے کی کوشش کی، تاہم کمیندو مینڈس اور پاون رتھنائیکے کی شراکت نے اننگز کو سنبھالتے ہوئے سری لنکا کا سکور 36 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 210 رنز تک پہنچا دیا ہے۔

ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کرنے والے پاکستان کو پہلی کامیابی کے لیے کافی انتظار کرنا پڑا۔ سری لنکا کے اوپنرز کمیندو مینڈس اور اویشکا فرنینڈو نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی وکٹ کے لیے 86 رنز کی شراکت قائم کی اور اپنی ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔

اویشکا فرنینڈو نے 49 گیندوں پر 38 رنز بنائے، جس میں تین چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، جبکہ کمیندو مینڈس نے شاندار فارم برقرار رکھتے ہوئے پہلے نصف سنچری اور پھر اپنے ون ڈے کیریئر کی پہلی سنچری مکمل کر کے سری لنکا کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا ہے۔

پاکستان کو 18ویں اوور میں اس وقت بریک تھرو ملا جب سلمان آغا نے اویشکا فرنینڈو کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔ سری لنکن بلے باز نے ریویو لیا، تاہم امپائر کا فیصلہ برقرار رہا اور 86 رنز کی شراکت اختتام کو پہنچ گئی۔

پہلی وکٹ گرنے کے بعد پاکستان نے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی تھی۔ حارث رؤف نے تیز اور نپی تلی باؤلنگ کے ذریعے رنز کی رفتار سست کی، جبکہ سلمان آغا نے اپنی سپن سے سری لنکن بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔

پاکستان کو دوسری کامیابی 22ویں اوور میں ملی جب سری لنکن کپتان کُسل مینڈس نے سلمان آغا کی گیند کو سیدھا واپس کھیلنے کی کوشش کی، لیکن پاکستانی آل راؤنڈر نے برق رفتاری سے ردعمل دیتے ہوئے اپنے سر کے اوپر دونوں ہاتھوں سے ایک شاندار ریفلیکس کیچ تھام لیا۔

کرکٹ تجزیہ کار تیز رفتاری سے آنے والی گیند پر اس کیچ کو فائنل کے اب تک کے بہترین لمحات میں شمار کر رہے ہیں۔

کُسل مینڈس کے آؤٹ ہونے کے بعد پاون رتھنائیکے نے کمیندو مینڈس کا بھرپور ساتھ دیا۔ دونوں بلے بازوں نے وکٹیں گرنے کا سلسلہ روکنے کے ساتھ ساتھ رنز بنانے کی رفتار بھی برقرار رکھی اور پاکستانی باؤلرز کو مزید کامیابی حاصل کرنے کا موقع نہیں دیا۔ دونوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 100 رنز کی شراکت بھی مکمل ہو چکی ہے، جس نے سری لنکا کی پوزیشن مزید مستحکم کر دی ہے۔

اس دوران کمیندو مینڈس نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنے ون ڈے کیریئر کی پہلی سنچری مکمل کی۔ انھوں نے 107 گیندوں پر یہ سنگ میل عبور کیا اور فائنل جیسے بڑے میچ میں اپنی ٹیم کے لیے اہم اننگز کھیلی۔

سنچری مکمل کرنے کے بعد بھی انھوں نے محتاط انداز میں رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور پاکستانی باؤلرز پر دباؤ برقرار ہے۔

اس وقت کمیندو مینڈس 113 گیندوں پر 112 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں، جبکہ پاون رتھنائیکے 42 گیندوں پر 44 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ 36 اوورز کے اختتام پر سری لنکا کا مجموعی سکور دو وکٹوں کے نقصان پر 210 رنز ہے۔

پاکستان کی جانب سے سلمان آغا اب تک دونوں وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، جبکہ سری لنکا کے پاس ابھی آٹھ وکٹیں باقی ہیں اور وہ مضبوط مجموعے کی جانب پیش قدمی کر رہا ہے۔

سری لنکا کی ٹیم میں کمیندو مینڈس، اویشکا فرنینڈو، کُسل مینڈس (کپتان، وکٹ کیپر)، پاون رتھنائیکے، سہان آراچچیگے، جینتھ لیاناگے، داسن شناکا، دونیتھ ویلالاگے، مہیش تھیکشانا، اسیتھا فرنینڈو، دلشان مدوشنکا شامل ہیں۔

جبکہ پاکستان کی ٹیم میں معاذ صداقت، فخر زمان، بابر اعظم، سعد بیگ (وکٹ کیپر)، سلمان آغا، حسن نواز، عرفات منہاس، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، نسیم شاہ، حارث رؤف شامل ہیں۔

بشکریہ بی بی سی اردو