سری لنکن ٹیم 98 رنز پر ڈھیر: ’راولپنڈی میں کسی بھی ٹیم کا اب تک کا سب سے کم سکور‘

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پاکستان نے سری لنکا کو پہلی اننگز میں محض 98 رنز پر آل آؤٹ کر دیا ہے۔
دونوں ملکوں کے درمیان راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کا کوئی نتیجہ نہ نکلنے کے بعد دوسرا ٹیسٹ جیتنے والی ٹیم سیریز اپنے نام کر لے گی۔
منگل کے روز پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تو ان کے فاسٹ بالرز نے اسے بہترین فیصلہ ثابت کر دیا۔
سری لنکا کی پہلی وکٹ چھ رنز کے سکور پر اس وقت گری جب پہلے میچ کے ہیرو ثاقب خان نے پسندو سوریا بندارا کو آؤٹ کر دیا۔
اس کے بعد سری لنکا کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا اور کھانے کے وقفے تک سری لنکا کے 85 رنز پر چھ کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔
کھانے کے بعد سری لنکا کی ٹیم مزید صرف ساڑھے چھ اوور کھیل سکی اور پوری ٹیم پہلی اننگز میں محض 98 رنز کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے 14 رنز دے کر تین، رضااللہ 21 کے عوض تین جبکہ عامر جمال 24 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ اس کے علاوہ پاکستان کے چوتھے فاسٹ بالر ثاقب خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
خیال رہے کہ یہ سری لنکن ٹیم کا ایک اننگز میں پاکستان کے خلاف چوتھا سب سے کم سکور ہے۔
ایپ ڈاؤن لوڈ کریں
سری لنکا کی پوری ٹیم کے 98 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین پاکستانی بالرز کی تعریفیں کرتے نظر آئے۔
کرکٹ تجزیہ کار مظہر ارشد لکھتے ہیں کہ سری لنکا کی پوری ٹیم 98 رنز پر آؤٹ ہو گئی، اور تمام 10 وکٹیں پاکستان کے فاسٹ بولرز نے حاصل کیں۔
’ٹیسٹ کرکٹ میں یہ راولپنڈی میں کسی بھی ٹیم کا اب تک کا سب سے کم سکور ہے۔‘
سپورٹس صحافی سلیم خالق لکھتے ہیں کہ ’پچ مشکل ہے، اب بیٹرز کو ذمہ داری سے کھیلنا ہوگا۔‘
کاشف نامی ایکس صارف لکھتے ہیں کہ پاکستان کے فاسٹ بولرز نے ’ڈریم پرفارمنس‘ دکھائی جبکہ ’بابر اعظم کی کپتانی بھی شاندار رہی۔‘
اشر جاوید نامی ایکس صارف لکھتے ہیں کہ پاکستانی فاسٹ بولرز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ ’اب بلے بازوں کو بڑا سکور کر کے میچ پر اپنی گرفت مزید مضبوط بنانا ہو گی۔‘
وسیم اکرم نامی ایک صارف لکھتے ہیں ’کیا شاندار بولنگ کا مظاہرہ تھا، یقین نہیں آ رہا! ہمارے فاسٹ بولرز نے پنڈی میں سری لنکا کی بیٹنگ لائن کو تباہ کر کے رکھ دیا!‘
جہاں کئی صارفین پاکستانی بالرز کی شاندار کارکردگی کی تعریف کرتے نظر آئے وہیں کچھ لوگ بابر اعظم کی کپتانی کو بھی سراہ رہے ہیں۔
ایک صارف لکھتے ہیں کہ پاکستانی پیسرز کی جانب سے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کیا گیا، جبکہ بابر اعظم کی فیصلہ سازی اور کپتانی بھی شاندار رہی۔
پاکستان ٹیم:
بابر اعظم (کپتان)، اذان اویس، طیب عارف، محمد طٰہ، سعود شکیل، سلمان علی آغا، غازی غوری، محمد عباس، رضااللہ، ثاقب خان اور عامر جمال۔
سری لنکا:
کشال مینڈس، لاہیرو ادارا، پسندو سوریا بندارا، دنیش چندی مل، کامندو مینڈس، دھننجایا ڈی سلوا، سونال دنوشا، میلان رتھنائیکا، پربھات جے سوریا، لاہیرو کمارا اور اسیتھا فرنینڈو۔
بشکریہ بی بی سی اردو