ہفتہ، 14 نومبر، 2026 · 5 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ایشیا کپ فائنل: انڈیا انڈر 19 نے پاکستان کو آخری گیند پر شکست دے دی، ’دسویں نمبر پر آنے والے کھلاڑی نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا‘

کھیل
ایشیا کپ فائنل: انڈیا انڈر 19 نے پاکستان کو آخری گیند پر شکست دے دی، ’دسویں نمبر پر آنے والے کھلاڑی نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا‘

پاکستان کے سوشل میڈیا پر پاکستان انڈر 19 کی تعریفوں کا سلسلہ شروع ہو چکا تھا، انڈیا کی ٹیم کی آٹھ وکٹیں 253 رنز پر گر چکی تھیں اور وہ جیت سے اب بھی 85 رنز دُور تھی۔

انڈیا انڈر 19 کے لیے پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا 338 رنز کا ہدف ایک طویل اور مشکل پہاڑ سر کرنے جیسا لگ رہا تھا۔

کچھ صارفین یہ تبصرے کر رہے تھے کہ پاکستان انڈر 19 کی ٹیم تو انڈیا کو ہرا دیتی ہے، لیکن سینئیر ٹیم کو آخر کیا ہو جاتا ہے۔

کچھ سوشل میڈیا صارفین نوجوان کرکٹرز رضوان اللہ، عثمان خان اور عبدالقادر کی تعریفوں کے پل باندھ رہے تھے۔ لیکن اُدھر عمان کے الامارات کرکٹ سٹیڈیم میں آٹھویں اور نویں نمبر پر بلے بازی کرنے والے انڈین ٹیل اینڈر منل چوہان اور موہت الووا کے ارادے کچھ اور ہی تھے۔

دیکھتے ہی دیکھتے دونوں نے جارحانہ انداز اپنا لیا اور نصف سنچری کی شراکت داری نے انڈین کیمپ کی اُمیدوں کو بڑھا دیا۔

48 ویں اوور میں پاکستان انڈر 19 کے کپتان فرحان یوسف نے سپنر نقاب شفیق کو گیند تھمائی، جنھوں نے منل چوہان کو آؤٹ کر دیا اور پاکستان انڈر 19 کی ایک بار پھر میچ میں واپسی ہوئی۔

میچ کی آخری گیند پر انڈیا انڈر 19 کو ایک گیند پر تین رنز درکار تھے، جس پر موہت الووا نے چوکا مار کر انڈیا انڈر 19 کو کامیابی دلوا دی۔

انڈیا انڈر 19 کی جانب سے لکشیا رائے چندانی 80 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ آریاویر سہواگ نے 58 جبکہ وی کے وینیتھ 24 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان انڈر 19 کی جانب سے رضوان اللہ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان انڈر 19 کی جانب سے فاسٹ بولر محمد صیام سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے، اُنھوں نے 10 اوورز میں 79 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان انڈر 19 کے کپتان فرحان یوسف نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو بہتر ثابت ہوا۔

پاکستان انڈر 19 کی پہلی وکٹ 62 رنز پر گری جب خیام خان 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پہلی وکٹ گرنے کے بعد عثمان خان اور عبدالقادر نے پاکستان انڈر 19 کے سکور میں تیزی سے اضافہ کیا اور اسے 197 رنز تک پہنچا دیا۔

عبدالقادر نے آٹھ چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 54 گیندوں پر 80 رنز بنائے، انھیں ارجن راجپوت نے آؤٹ کیا۔

عثمان خان کا ساتھ دینے کپتان فرحان یوسف آئے اور پاکستان انڈر 19 کے لیے ایک اور شراکت داری قائم کی، اور پاکستان انڈر 19 کا سکور 240 رنز پر پہنچا دیا۔ اس موقع پر عثمان خان 107 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

فرحان یوسف نے 60 گیندوں پر 63 رنز بنائے اور پاکستان انڈر 19 نے مقررہ 50 اوورز میں انڈیا کو جیت کے لیے 338 رنز کا ہدف دیا۔

انڈیا انڈر 19 کی پاکستان انڈر 19 کے خلاف کامیابی پر جہاں پاکستانی صارفین مایوس ہیں تو وہیں انڈین صارفین خوشی سے پھولے نہیں سما رہے۔

گبر نامی صارف نے لکھا کہ ’والد صاحب نے جوش و خروش سے مجھے فون کیا اور بتایا کہ انڈیا انڈر 19 نے پاکستان انڈر 19 کو شکست دے دی؛ ٹیم نے 337 رنز کا ہدف اس وقت حاصل کیا جب 42 ویں اوور میں ان کے 8 کھلاڑی 252 رنز پر آؤٹ ہو چکے تھے۔‘

’کیا ہی شاندار میچ تھا!‘

پاکستانی صحافی اجمل جامی نے لکھا کہ ’انڈیا نے ایک سنسنی خیز فائنل اپنے نام کر لیا، لیکن آخر تک لڑنے پر ٹیم پاکستان پوری داد کی مستحق ہے۔ ہمارے لڑکوں کی جانب سے ایک پرعزم کوشش دیکھنے میں آئی۔ بہت عمدہ کھیل پیش کیا، پاکستان!‘

ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

انڈین صحافی راجدیپ سردیسائی نے لکھا کہ ’ایشیا کپ میں پاکستان انڈر 19 کے خلاف آخری گیند پر شاندار فتح! نیلے لباس میں ملبوس نوجوان کھلاڑی تقریباً کھیل سے باہر ہو چکے تھے، لیکن ہار نہ ماننے کے جذبے اور دسویں نمبر پر آنے والے موہت الووا کی زبردست اننگز نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ یہ مستقبل کے ستارے ہیں!!‘

فیضان لکھانی نامی صارف نے ایکس پر لکھا کہ ’کیا ہی سنسنی خیز مقابلہ تھا! ایک ایسا میچ جو موقع کی اہمیت کے عین مطابق رہا۔ انڈیا نے انڈر 19 ایشیا کپ کا فائنل ایک وکٹ سے جیت لیا۔ دونوں اننگز کے آخری اوورز (ڈیتھ اوورز) پاکستان کے حق میں نہیں رہے۔‘

سیم نامی صارف نے ایکس پر لکھا کہ یہ پاکستان انڈر 19 کی جانب سے ایک غیر حقیقی چوکنگ تھی، پاکستانی بولرز میچ ختم کرنے میں ناکام رہے۔ انڈیا کے آخری نمبر کے بلے بازوں نے ایک اہم شراکت داری قائم کی اور اپنی ٹیم کو فتح دلا دی۔

BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔

بشکریہ بی بی سی اردو