لاہور ویمن کالج سے چھوڑے گئے غبارے ہماچل پردیش میں: ’جب پتہ چلا کہ یہ لاہور سے آئے ہیں، تو اپنائیت محسوس ہوئی‘

’جب مجھے اپنی چھت پر غبارے اور اُن کے ساتھ لٹکا بینر نظر آیا، تو مجھے حیرانی بھی ہوئی اور پریشانی بھی۔ بینر پر موجود تحریر پڑھ کر جب یہ اندازہ ہوا کہ یہ غبارے پاکستان کے ایک ویمن کالج سے آئے ہیں، تو مجھے وہاں کے لوگوں سے بہت اپنائیت محسوس ہوئی۔‘
یہ کہنا ہے انڈیا کی ریاست ہماچل پردیش کے ضلع سولن کے رہائشی جے پرکاش کا، جن کی چھت سے 21 نومبر کی رات کو سفید اور نیلے غبارے لٹکتے ہوئے نظر آئے، جس کے ساتھ موجود بینر پر لکھا تھا ’گورنمنٹ گریجوئیٹ کالج فار ویمن ٹاؤن شپ لاہور، سالانہ سپورٹس ڈے 2026۔‘
جے پرکاش کے مطابق جب اُنھوں نے پہلی بار اپنی چھت پر یہ منظر دیکھا کہ تو انھیں لگا کہ شاید کسی نے انھیں شرارت یا تنگ کرنے کی کوشش کی ہے، اور پھر انھوں نے اس کی اطلاع مقامی پولیس کو دی۔
BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں، ’BBC News اردو‘ ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
جے پرکاش ضلع سولن کے گاؤں دھدوگی میں رہتے ہیں۔ انڈین پولیس کے مطابق یہ واقعہ رپورٹ ہونے کے بعد انھوں نے اس مقام کا جائزہ لیا جہاں سے یہ سب ملا تھا، غبارے اور بینر اپنی تحویل میں لیے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
ضلع سولن کے ایڈیشنل سپرینٹنڈنٹ آف پولیس نے نمائندہ بی بی سی دلی شکیل اختر کے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ’اُن غباروں میں اُنھیں کچھ نہیں ملا۔ بظاہر یہ ہوا سے اڑ کر ہی یہاں تک پہنچے ہیں۔ یہاں کی سبھی متعلقہ ایجنسیوں اور انٹیلیجنس بیوروز نے جانچ پڑتال کی لیکن اُن میں کوئی مشکوک چیز نہیں ملی۔‘
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’اس سے پہلے بھی اسی طرح کے غبارے کئی بار یہاں اڑ کر آئے ہیں، لیکن ان میں کچھ نہیں نکلا تھا۔‘
اگر لاہور سے ہماچل پردیش کے ضلع سولن کا ایک سیدھی لکیر میں راستہ دیکھا جائے تو یہ کم از کم 272 کلومیٹر بنتا ہے، چنانچہ کہا جا سکتا ہے کہ ان غباروں نے 272 کلومیٹر کا یہ سفر 42 گھنٹوں میں طے کیا اور انڈین شہری کے گھر کی چھت پر اُترے۔
ایپ ڈاؤن لوڈ کریں
جے پرکاش کو جب پولیس کی جانب سے کی گئی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ اُن کی چھت پر اُترنے والے غبارے دراصل پاکستان کے ایک ویمن کالج کے سپورٹس ڈے پر فضا میں بلند کیے گئے تھے تو اُن کے مطابق اُنھیں بہت خوشگوار حیرت ہوئی۔
لاہور میں واقع گورنمنٹ گریجوئیٹ کالج فار ویمن کے سوشل میڈیا پیجز پر بھی سالانہ سپورٹس ڈے کے موقع پر ہوا میں چھوڑے گئے ان غباروں اور اس کے ساتھ آویزاں بینر کی ویڈیوز اور تصاویر موجود ہیں۔
جے پرکاش کے مطابق وہ خود بھی سوشل میڈیا کے ذریعے اِس کالج کے پیج پر پہنچے۔
جے پرکاش نے وہاں انگریزی میں پیغام لکھا کہ ’میرے عزیز پڑوسیو، آپ کے غبارے میرے گھر کی چھت پر اُترے ہیں۔‘
لاہور کالج کی انتظامیہ کی جانب سے کی گئی پوسٹ پر سرحد پار سے آئے جے پرکاش کے اس پیغام کو دیکھ کر کالج کی اساتذہ اور طالبات نے گرمجوشی سے جوابات دینا شروع کر دیے۔
کالج انتظامیہ کی جانب سے جے پرکاش کے پیغام کے جواب میں کہا گیا کہ ’ہمیں امید ہے یہ امن، محبت، دوستی اور سپورٹس مین شپ لائے ہوں گے۔ ہم سب حیران ہیں کہ یہ سب بالکل ٹھیک اور اسی طرح پھولے ہوئے تھے جیسے ہم نے بھیجے تھے۔‘
کالج کے شعبہ اُردو کی سربراہ ڈاکٹر فوزیہ سلطانہ نے جے پرکاش کے پیغام کے جواب میں لکھا کہ ’بہت شکریہ بھائی صاحب، ہواؤں نے آپ کے گھر کا ماحول دوستی کے لیے سازگار پایا ہو گا۔‘
اس کے جواب میں جے پرکاش نے کہا کہ ’دوستی سرحدوں کی محتاج نہیں ہوتی۔ دل عزت، پیار اور احترام کے رشتوں سے جڑتے ہیں۔ دعا ہے کہ دوستی کا یہ خوبصورت رشتہ پروان چڑھے۔‘
پاکستان اور انڈیا کی سرحدوں سے ملحقہ علاقوں میں سرحد پار سے آئے غباروں کی خبریں آتی رہتی ہیں مگر اس دفعہ خاص بات یہ ہوئی کہ یہ غبارے جس شہری کی چھت پر اترے، اُس نے نہ صرف سرحد پار بسنے والے لوگوں سے اپنائیت محسوس کی بلکہ سوشل میڈیا کے ذریعے انھیں خیر سگالی اور محبت کا پیغام بھی بھیجا۔
جے پرکاش نے بی بی سی اُردو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’انسانیت کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اور عام لوگ دونوں ملکوں میں امن، خوشحالی اور سُکھ شانتی چاہتے ہیں۔‘
اُن کا مزید کہنا تھا کہ وہ ’یہ سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ پاکستان سے جُڑی کوئی چیز اِس طرح اُن کی چھت پر آ سکتی ہے۔ گھر اور آس پاس کے لوگ حیران ہیں کہ لاہور سے اُڑنے والے غبارے کس طرح اتنے دور ہماچل پردیش کے پہاڑی علاقے میں پہنچ سکتے ہیں۔‘
جے پرکاش کہتے ہیں کہ ’ایک چھوٹے سے واقعے نے دونوں طرف کے لوگوں کے چہروں پر مسکان بکھیری ہے۔ لاہور سے آنے والے یہ غبارے دراصل دونوں ملکوں کے عوام کے انسانیت کے خوبصورت رشتے سے جڑے ہونے کا ثبوت ہیں۔‘
اُنھوں نے بتایا کہ ’پہلی دفعہ غبارے دیکھتے ہی ان کے گھر والے اور وہ خود حیرانی کا شکار ہوئے مگر جب معلوم ہوا کہ یہ غبارے لاہور کے ایک ویمن کالج سے اڑائے گئے ہیں تو یہی حیرانی خوشگوار کیفیت میں بدل گئی۔‘
یہ واقعہ جب سوشل میڈیا کی زینت بنا تو دیکھتے ہی دیکھتے دونوں ملکوں کے عوام کی دلچسپی حاصل کرنے لگا۔
ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ ’کھیل محبت سکھاتے ہیں، نفرت نہیں۔ آج لاہور کا بینر انڈیا میں یہی بتا گیا۔ کاش سرحدیں بھی اتنی ہی آسانی سے محبت کو آنے جانے دیں۔‘
’پنجاب پوسٹ‘ کے مطابق ’یہ غبارے لاہور کے علاقے ٹاؤن شپ سے فضا میں بلند ہوئے اور امرتسر، جالندھر اور چندی گڑھ کی فضاؤں کو عبور کرتے ہوئے بالآخر ہماچل پردیش کے ضلع سولن کے علاقے ارکی میں جے پرکاش کے گھر اُترے۔‘
گورنمنٹ ویمن گریجوایٹ کالج لاہور کی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عنبرین جاوید خان نے بی بی سی کو بتایا کہ ’اُن کا کالج پنجاب بھر میں سپورٹس کے حوالے سے پہچانا جاتا ہے۔ سپورٹس میں دوستیاں بنتی ہیں، شاید اسی لیے یہاں سے چھوڑے گئے غبارے پڑوس میں امن اور دوستی کا پیغام لے کر گئے ہیں۔‘
اُنھوں نے مزید بتایا کہ اُن کا کالج پنجاب بھر میں اپنی کھلاڑیوں اور ایتھلیٹس کی وجہ سے جانا جاتا ہے۔ ’سنہ 2017 سے پہلے یہ کالج صرف فزیکل ایجوکیشن کے لیے مخصوص تھا، مگر بعد میں اسے جنرل کیٹیگری میں شامل کر دیا گیا۔‘
اُن کا کہنا تھا کہ ’حیران کن امر یہ ہے کہ جس دن یہ غبارے پاکستان سے انڈیا پہنچے، اس وقت دونوں ملکوں کی اے کرکٹ ٹیمیں میچ میں مدمقابل تھیں جبکہ ان میں سے ایک غبارہ بھی نہیں پھٹا اور بالکل اُسی حالت میں وہاں پہنچے جس طرح یہاں سے چھوڑے گئے تھے۔ یوں یہ غبارے ہماری طرف سے امن کے سفیر بن کر گئے ہیں۔‘
BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔
بشکریہ بی بی سی اردو