جمعہ، 27 نومبر، 2026 · 18 جمادی الثانی، 1448 ہجری

کراچی: 5 برس میں عمارتیں گرنے کے 15 بڑے واقعات میں 87 افراد جاں بحق ہوچکے

پاکستان
کراچی: 5 برس میں عمارتیں گرنے کے 15 بڑے واقعات میں 87 افراد جاں بحق ہوچکے

فائل فوٹو

کراچی میں گزشتہ 5 برس کے دوران عمارتیں گرنے کے 15بڑے واقعات میں مجموعی طور پر87 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ضلع جنوبی میں عمارتیں گرنے کے 3 واقعات میں 31 افراد جاں بحق ہوئے اور ضلع کیماڑی میں عمارتیں گرنے کے 3 واقعات میں23 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ ضلع شرقی میں عمارتیں گرنے کے 3 واقعات میں 20 افراد اور ضلع کورنگی میں عمارتیں گرنے کے 2 واقعات میں6 افراد جاں بحق ہوئے۔ْ

اسی طرح ضلع وسطی میں عمارتیں گرنے کے 2 واقعات میں 5افراد جاں بحق ہوئے جب کہ ضلع ملیر اور ضلع غربی میں عمارت گرنے کا ایک ایک واقعہ رپورٹ ہوا، دونوں اضلاع میں ایک ایک ہلاکت ہوئی۔

کراچی: ایڈمن سوسائٹی میں عمارت گرنےکے واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی

لیاری کے علاقے بغدادی میں 5 منزلہ عمارت گرنے سے 27 افراد جاں بحق ہوئے، شیر شاہ میں گیس دھماکے کے بعد عمارت گرنے سے 17 افراد جاں بحق ہوئے اور سولجر بازار کی گل رانا کالونی میں عمارت گرنے سے 15افراد جاں بحق ہوئے۔

شاہ فیصل کالونی میں زیرتعمیر عمارت گرنے سے 5 مزدور جاں بحق ہوئے، نیو کراچی میں فیکٹری کا ڈھانچہ گرنے سے 4 فائر فائٹرز جاں بحق ہوئے جب کہ مچھر کالونی میں 2 مختلف واقعات میں عمارت اور چھت گرنے سے 6 افراد جان سے گئے۔

پی آئی بی کالونی میں عمارت گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوئے، اولڈ لیاری میں عمارت گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوئے،کھڈا مارکیٹ لیاری میں غنی مینشن کا حصہ گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ نارتھ ناظم آباد، اللہ والا ٹاؤن، بھینس کالونی اور منگھوپیر روڈ پر بھی عمارتیں گرنے کے واقعات رپورٹ ہوئے۔

بشکریہ جیو نیوز