جمعہ، 27 نومبر، 2026 · 18 جمادی الثانی، 1448 ہجری

کراچی: ایڈمن سوسائٹی میں عمارت گرنےکے واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی

پاکستان
کراچی: ایڈمن سوسائٹی میں عمارت گرنےکے واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی

عمارت کے ملبے سے مزید 2لاشیں نکال لی گئیں، دیگر افراد کی تلاش کیلئے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے، ریسکیو حکام

کراچی کی ایڈمن سوسائٹی میں عمارت گرنے کے واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی جبکہ 14 افراد زخمی اور 13 تاحال لاپتہ ہیں۔

ریسکیو 1122 کے مطابق عمارت کے ملبے سے مزید 2لاشیں نکال لی گئیں، دیگر افراد کی تلاش کیلئے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

کراچی ایڈمن سوسائٹی میں زیر تعمیر عمارت کی بالائی منزلیں گرگئیں،3 افراد جاں بحق، 14 زخمی

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے دوران احتیاط برتی جا رہی ہے، ہیوی مشینری کے استعمال کی نسبت مینوئل سرچ پر زیادہ فوکس ہے، ہیوی مشینری کے استعمال سے ملبے تلے موجود باڈیز خراب ہونے کا خدشہ ہے۔

حکام کے مطابق مشینری کے استعمال سے عمارت کا اسٹرکچر مزید گرنے کا بھی امکان ہے۔

یاد رہے کہ کراچی کے علاقے بلوچ کالونی کے قریب ایڈمنسٹریٹو ایمپلائز کوآپریٹو سوسائٹی کے بلاک 4 میں زیرتعمیر عمارت کی بالائی منزلیں گرگئی تھیں، گرنے والی عمارت 600 گز کے پلاٹ پر تعمیر کی گئی تھی۔

ریسکیو حکام کے مطابق 6 منزلہ عمارت گرنے سے قبل ہلنا شروع ہوگئی تھی، مزدور پانچویں منزل پر کام کر رہے تھے کہ عمارت ایک زوردار دھماکے سےگرگئی۔

بشکریہ جیو نیوز