جمعرات، 26 نومبر، 2026 · 17 جمادی الثانی، 1448 ہجری

’چرچ کے قریب 15 کروڑ روپے نقد برآمد‘: امریکی ہیلتھ کیئر فراڈ میں ملوث پاکستانی ملزمان کیسے گرفتار ہوئے؟

پاکستان
’چرچ کے قریب 15 کروڑ روپے نقد برآمد‘: امریکی ہیلتھ کیئر فراڈ میں ملوث پاکستانی ملزمان کیسے گرفتار ہوئے؟

پاکستان کے شہر کراچی میں نیشنل سائبر کرائم ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے پانچ افراد کو گرفتار کیا ہے جو مبینہ طور پر امریکہ میں بزرگ شہریوں کے ساتھ میڈیکل انشورنس فراڈ میں ملوث تھے۔

بدھ کے روز ملزمان کو کراچی کی ایک مقامی عدالت میں پیش کیا گیا جس نے انھیں تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر این سی سی آئی اے کے حوالے کر دیا ہے۔

این سی سی آئی اے کے ترجمان کے مطابق ملزمان کو ایک مقامی عدالت نے تین روزہ ریمانڈ پر ادارے کے حوالے کیا تھا، جس کی میعاد جمعے کو ختم ہو رہی ہے۔ ملزمان کو جمعے کو دوبارہ عدالت میں پیش کر کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔

این سی سی آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ کراچی سے گرفتار کیے گئے تین مرکزی ملزمان کا تعلق میر پور خاص ہے اور انھی کی نشاندہی پر ان کے ادارے نے میرپور خاص کے ایک چرچ کے احاطے میں کھڑی ایک کار سے 15 کروڑ روپے نقد رقم کی بڑی ریکوری کی ہے۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر کے مطابق ملزمان یہ فراڈ 2020 سے کر رہے تھے اور چار برسوں میں ان کے 23 اکاؤنٹس میں ایک ارب 20 کروڑ روپے کی رقم آئی ہے۔

شہزاد اکبر نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ ملزمان کی کمپنی ’گلوبل ریسورس گروپ امریکی تحقیقاتی ادارے فیڈرل بیورو آف انویسٹگیشن (ایف بی آئی) کے ریکارڈ میں بھی موجود تھی اور انھوں نے ہم سے اس کا ذکر کیا تھا۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ این سی سی آئی اے نے ان گرفتاریوں اور تحقیقات کے حوالے سے ایف بی آئی کے ساتھ معلومات کا تبادلہ کیا ہے۔

بی بی سی نے اس معاملے پر تبصرے کے لیے امریکہ محکمہ خارجہ سے رابطہ کیا، جس نے ادارے کو محکمہ انصاف سے رابطہ کرنے کا مشورہ دیا۔ اس خبر کے شائع ہونے تک امریکہ حکام کا کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

این سی سی آئی اے کے ایک اور عہدیدار کے مطابق کراچی میں امریکی قونصل خانے میں تعینات امریکی سفارکاروں نے بھی زبانی طور پر گلوبل ریسورس گروپ نامی کمپنی کا ذکر کیا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان امریکہ میں معمر افراد کو فون کرتے تھے اور بتاتے تھے کہ وہ پائیدار طبی آلات (ڈی ایم ای) سے متعلق انشورنس کوریج اور مراعات کے اہل ہیں۔ ان فون کالز کے ذریعے ملزمان متاثرین کی ذاتی اور طبی معلومات حاصل کرتے تھے۔

ان کے مطابق یہ معلومات امریکہ میں موجود ایک بلنگ پارٹنر کو فراہم کی جاتی تھیں، جو بعد ازاں امریکی ہیلتھ انشورنس کمپنیوں کو غیرقانونی کلیمز جمع کراتا تھا۔

این سی سی آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر نے مزید بتایا کہ ’ہمیں یقین ہے کہ ان کے امریکہ میں بھی ساتھی موجود ہیں۔‘

ان کے مطابق بلنگ پارٹنر اپنے کمیشن اور اخراجات نکالنے کے بعد باقی رقم پہلے سے طے شدہ حصص کے مطابق ملزمان میں تقسیم کر دیتا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر یہ رقم امریکہ سے پاکستان غیرقانونی حوالہ ہنڈی چینلز کے ذریعے منتقل کی جاتی تھی۔

تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ پاکستان میں یہ رقوم نقد صورت میں اور ان فرضی کمپنیوں اور فرموں کے بینک اکاؤنٹس کے ذریعے وصول کی جاتی تھیں، جو اسی مقصد کے لیے قائم کی گئی تھیں۔

تفتیش کاروں نے اس مبینہ نیٹ ورک سے منسلک 23 اکاؤنٹس کی نشاندہی کی ہے، جن میں زیادہ تر کراچی کے ایک نجی بینک میں کھولے گئے تھے۔

شہزاد اکبر کہتے ہیں کہ ان اکاؤنٹس میں ایک ارب 20 کروڑ روہے منتقل کیے گئے تھے۔

این سی سی آئی اے کے ایک اعلامیے کے مطابق ملزمان کے بائنانس اکاؤنٹ میں تقریباً چھ کروڑ پاکستانی روپے مالیت کی کرپٹو کرنسی موجود ہے۔

امریکہ کا محکمہ صحت بھی طویل عرصے سے اپنے شہریوں کو ہیلتھ کیئر فراڈ سے بچنے کی ترغیب دے رہا ہے۔

ادارے کے مطابق دھوکے باز افراد فون کالز، ٹیلی وژن اشتہارات اور انٹرنیٹ کے ذریعے شہریوں سے رابطہ کرتے ہیں اور ان سے ذاتی معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ ان کی طبی شناخت کا استعمال کیا جا سکے۔

ادارے کے مطابق ان معلومات کا استعمال کر کے دھوکے باز افراد میڈیکل انشورنس کے لیے کلیم جمع کرواتے ہیں۔

این سی سی آئی اے کے ایڈشنل ڈائریکٹر کے مطابق گرفتار کیے گئے پانچ ملزمان میں سے تین کا تعلق میرپور خاص سے ہے، جو چھٹی جماعت سے ایک ساتھ ہیں اور آپس میں پارٹنرز ہیں۔

ان کے مطابق ان افراد نے 200 سے زیادہ ملازمین بھرتی کیے ہوئے تھے۔

شہزاد اکبر نے مزید بتایا کہ گرفتار کیے گئے پانچ افراد میں سے ایک کارپینٹر ہے، ایک ٹیچر ہے اور ایک بینکر۔

بشکریہ بی بی سی اردو