بدھ، 25 نومبر، 2026 · 16 جمادی الثانی، 1448 ہجری

وزیرا‏عظم نے مجھے محسن نقوی کیخلاف بات کرنے سے منع کیا ہے: رانا ثنا

پاکستان
وزیرا‏عظم نے مجھے محسن نقوی کیخلاف بات کرنے سے منع کیا ہے: رانا ثنا

وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے واضح کیا کہ وزیرا‏عظم شہباز شریف نے انہیں وزیرداخلہ محسن نقوی کے خلاف بات نہ کرنے کا کہا ہے۔

کیپیٹل ٹاک میں بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نےکہا کہ انہوں نے وزیرا‏عظم کو بتایا کہ انہوں نے محسن نقوی کے خلاف ذاتی بات نہيں کی، ان سے ذاتی جھگڑا نہیں، 20,22 سال کا تعلق ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم کے ذریعے نئے صوبے نہیں بن سکتے، نئے صوبے آئین کے تحت ہی بنیں گے۔

اس پر تحریک انصاف کے بیرسٹر علی ظفر بولے کہ شکر ہے رانا صاحب نے یہ بات مانی کہ ریفرنڈم کے ذریعے نئے صوبے نہیں بن سکتے۔

یاد رہے کہ کچھ روز قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا تھا کہ ایک وزیر آج کل روز ٹی وی پر آنے کیلئے میرے اوپر تبصرے کررہا ہے، جس دن میں نے اس وزیر کےخلاف تبصرہ کردیا وہ منہ چھپانےکے قابل نہیں رہےگا۔

محسن نقوی کے بیان کے بعد رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ محسن نقوی کیا قائد اعظم ہیں کہ ان کی ذات پر میں 3 سال سے تبصرہ کررہا ہوں؟ میں نے کبھی محسن نقوی کی ذات پر تبصرہ کیا نہ کروں گا، وہ جو ہیں میرے خیال میں بس وہی ہیں، اس پر تبصرے کی ضرورت ہی نہیں۔

ہم نےتو ہمیشہ منہ اور سینہ کھلا رکھا ہے، آپ اپنی منہ چھپانےکی قابلیت کی فکر کریں: رانا ثنااللہ کا محسن نقوی کو جواب

ایک وزیر آجکل مجھ پر تبصرے کررہا ہے، جس دن میں نے تبصرہ کیا وہ منہ چھپانےکے قابل نہیں رہےگا: محسن نقوی

بشکریہ جیو نیوز