پاکستان کی انسانی خلائی پرواز میں شرکت فخر کا عظیم لمحہ ہے، صدر مملکت

یہ تاریخی مشن پاکستان کے خلائی پروگرام کے لیے نئے امکانات کے دروازے کھولے گا: صدر آصف علی زرداری۔ فوٹو فائل
اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کے پہلے خلائی مشن پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے قومی فخر کا عظیم لمحہ قرار دیا ہے۔
صدر مملکت نے پاکستان کے خلائی پروگرام میں سپارکو، سائنسدانوں اور انجینئرز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور خلابازوں کے لیے کامیاب مشن اور بحفاظت واپسی کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ انسانی خلائی پرواز میں پاکستان کی شرکت سائنس، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے قومی عزم کی عکاس ہے، چین کا تعاون پاکستان کے خلائی سفر میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
پہاڑوں کی سرحدیں بھی پاک چین دوستی کی راہ میں رکاوٹ نہ بن سکیں، پاکستانی خلا باز کے خلا میں جانے پر چینی سفارت خانے کا پیغام
انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی مشن پاکستان کے خلائی پروگرام کے لیے نئے امکانات کے دروازے کھولے گا، خلائی مشن کے دوران کیے جانے والے سائنسی تجربات تحقیق اور علم کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گے۔
صدر مملکت کے مطابق انسانی خلائی پرواز میں شرکت تحقیق، سیکھنے اور جدت کے فروغ کا اہم ذریعہ ہے، خلائی تحقیق زمین پر درپیش مختلف چیلنجز سے نمٹنے میں بھی مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے پاکستانی نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اعتماد اور بلند عزم کے ساتھ سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھیں اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔
بشکریہ جیو نیوز