آزادکشمیر میں کالعدم ایکشن کمیٹی کو افغانستان سے اسلحےکی ترسیل سے متعلق آڈیو سامنے آگئی

ایکشن کمیٹی کو کالعدم کرنے کی وجہ یہی تھی کہ سارے ثبوت موجود تھے،طلال چوہدری،فوٹو: فائل
آزادکشمیر میں کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو افغانستان سے اسلحےکی ترسیل سے متعلق شرپسندوں کی گفتگو کی آڈیو سامنے آگئی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نےکہا کہ کور کمیٹی ممبر اسلم امتیاز کی آڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں افغانستان سے اسلحےکی ترسیل پر بات کی جارہی ہے۔ ایکشن کمیٹی کو کالعدم کرنے کی وجہ یہی تھی کہ سارے ثبوت موجود تھے۔کمیٹی کے گرفتار شرپسندوں سے تفتیش کی بنیاد پر مزید شواہد سامنے آئے ہیں اور مزید گرفتاریاں کی گئی ہیں، تین افراد اسلحہ کشمیر لے جانا چاہتے تھے۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ ایکشن کمیٹی حقوق کی تحریک نہیں ہے، یہ کمیٹی انتشار پھیلا رہی ہے، افغانستان میں بیٹھی بھارتی پراکسیز کے ذریعےکشمیر میں فساد پھیلایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حقوق کے نام پر کسی کو انتشار پھیلانے نہیں دیں گے، ریاست اپنی طاقت استعمال نہیں کرنا چاہتی تھی لیکن اب مزید انتظار سے نقصان ہوگا، انتشار کو ختم کرنے کے لیے جس ادارے کی معاونت چاہیے ہوگی ہم حاضر ہیں۔
بشکریہ جیو نیوز