لائیو , شینژو 24 کامیابی سے مدار میں داخل، پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی بھی مشن میں شامل

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف امریکی کارروائی کے لیے جنوری کے آخر تک فنڈنگ دستیاب ہے، جبکہ انھوں نے اس خدشے کا اظہار بھی کیا کہ اگر اپوزیشن جماعت ڈیموکریٹس کانگریس کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد اس پالیسی کو روکنے کی کوشش کرتی ہے تو ایک ’مکمل کامیابی‘ ناکامی میں بدل سکتی ہے۔
امریکی اخبار نیو یارک پوسٹ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ اگر ڈیموکریٹس ایران کے خلاف جاری پالیسی کا خاتمہ کرتے ہیں تو وہ ایک کامیابی کو ناکامی میں بدل دیں گے۔
ان کے بقول: ’ایران کی بحریہ، فضائیہ اور فضائی دفاعی نظام سب ختم ہو چکے ہیں۔ اگر ڈیموکریٹس ایسا کرتے ہیں تو وہ ایک جیت کو ہار میں بدل دیں گے۔‘
ٹرمپ نے کہا کہ انھیں یقین نہیں کہ سیاسی طور پر ڈیموکریٹس ایسا قدم اٹھائیں گے۔ انھوں نے مزید کہا: ’ہم جب چاہیں اس جنگ کو ختم کر سکتے ہیں۔‘
یہ پوچھے جانے پر کہ کیا ایران کے خلاف کارروائیوں کے لیے ان کے پاس وقت محدود ہو رہا ہے، ٹرمپ نے کہا کہ جنوری کے آخر تک ’عملاً فنڈنگ موجود ہے۔‘
امریکی صدر نے فروری میں ایران کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا تھا اور ابتدا میں اس کی مدت تقریباً چار ہفتے بتائی تھی۔ تاہم بعد میں تہران کے ساتھ مذاکرات، جنگ بندی اور ایک مفاہمتی یادداشت کے باوجود کشیدگی دوبارہ بڑھ گئی تھی۔
شینژو 24 مشن کے عملے کا حصہ بننے والے محمد ذیشان علی چین کے خلائی مشن میں سفر کرنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہیں، تاہم وہ خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی نہیں ہیں۔
اس سے قبل اکتوبر 2023 میں نمیرا سلیم نے ورجن گیلیکٹک کے مشن کے ذریعے خلا کا سفر کیا تھا۔ یہ ایک تجارتی پرواز تھی، جس کے لیے انھوں نے 2006 میں دو لاکھ ڈالر کا ٹکٹ خریدا تھا۔
تاہم محمد ذیشان علی کا مشن نوعیت کے اعتبار سے مختلف ہے۔ وہ ایک سرکاری انسان بردار خلائی مشن کے تحت تیانگونگ خلائی سٹیشن جا رہے ہیں اور وہاں سائنسی تجربات میں حصہ لیں گے۔
پاکستان کے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ملک کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی کے شینژو 24 مشن کے ذریعے خلا میں روانہ ہونے کو قوم کے لیے ایک تاریخی اور جذباتی لمحہ قرار دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں انھوں نے کہا کہ لانچ سائٹ پر موجود ہوتے ہوئے محمد ذیشان علی کو چین کے خلائی سٹیشن کے لیے پہلے بین الاقوامی مہمان خلا باز کے طور پر روانہ ہوتے دیکھنا ان کے لیے ایک یادگار تجربہ تھا۔
احسن اقبال کے مطابق محمد ذیشان علی صرف اپنی ذات کی نمائندگی نہیں کر رہے بلکہ وہ ’26 کروڑ پاکستانیوں کے خواب بھی اپنے ساتھ خلا میں لے کر گئے ہیں۔‘
انھوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے خواب بلند رکھیں اور علامہ اقبال کا شعر دہراتے ہوئے کہا: ’تو شاہیں ہے، پرواز ہے کام تیرا، تیرے سامنے آسماں اور بھی ہیں۔‘
وفاقی وزیر نے محمد ذیشان علی کی محنت اور لگن کو سراہتے ہوئے مشن کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
چین کے شینژو 24 خلائی جہاز کے اپنے مقررہ مدار میں پہنچنے کے بعد تیانگونگ خلائی سٹیشن کے ساتھ خود کار رابطے اور منسلک ہونے کا عمل شروع کیا جائے گا۔
چینی خلائی سٹیشن کے مطابق خلائی جہاز تیز رفتار خود کار نظام کے ذریعے لانچ کے تقریباً ساڑھے تین گھنٹے بعد تیانگونگ خلائی سٹیشن کے ساتھ جا ملے گا۔
منسلک ہونے کے بعد عملہ تمام ضروری تیاریوں کو مکمل کرے گا، جس کے بعد ہیچ کھولا جائے گا اور خلا باز خلائی سٹیشن میں داخل ہوں گے۔
وہاں شینژو 24 کے عملے کا استقبال پہلے سے موجود شینژو 23 مشن کے خلا باز کریں گے، جو کئی ماہ سے تیانگونگ خلائی سٹیشن پر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
اسرائیل کے وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے ایران پر کیمیائی ہتھیار تیار کرنے کی کوشش کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل تہران کو ایسی صلاحیت حاصل نہیں کرنے دے گا۔
منگل کو اسرائیلی صحافیوں کے ساتھ ایک بریفنگ میں اسرائیل کاٹز نے کہا: ’ایران کیمیائی ہتھیار تیار کرنے کی جانب بڑھ رہا ہے۔ اسرائیلی حکومت انھیں ایسی صلاحیت حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔‘
اس بیان کی خبر اسرائیل کے سرکاری نشریاتی ادارے کان اور دیگر اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے دی ہے۔
تاہم اسرائیلی وزیرِ دفاع نے اپنے اس دعوے کے حق میں کوئی ٹھوس شواہد پیش نہیں کیے۔
اس سے قبل بھی اسرائیلی میڈیا یہ رپورٹ کر چکا ہے کہ اسرائیلی حکام نے ایران کی جانب سے ممکنہ طور پر کیمیائی ہتھیار تیار کیے جانے سے متعلق معلومات امریکہ کے ساتھ شیئر کی تھیں۔
ایران ان الزامات کی تردید کرتا رہا ہے۔
یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کے لیے قائم عسکری اتحاد نے یمن کے علاقوں الحدیدہ، صعدہ اور امران میں کارروائیوں کا دعویٰ کیا ہے۔
اتحادی افواج کے ترجمان ترکی المالکی کا کہنا ہے کہ اتحادی فورسز نے الحدیدہ بندرگاہ پر عسکری کارروائی کرتے ہوئے وہاں موجود ’آپریشنل صلاحیتوں‘ کو نشانہ بنایا ہے۔
ترجمان کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ بیان کے مطابق صعدہ اور امران کے علاقوں میں بھی متعدد اہداف کو تباہ کیا گیا ہے۔
اتحادی افواج کی جانب سے ان اہداف کی نوعیت یا کارروائی کے نتیجے میں ہونے والے ممکنہ نقصانات کے بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
شینژو 24 مشن کا عملہ خلا میں قیام کے دوران خلائی حیاتیاتی علوم اور ایروسپیس میڈیسن سمیت مختلف شعبوں میں سائنسی تجربات اور نئی ٹیکنالوجیز کی آزمائش کرے گا۔
ان تجربات میں یہ جانچنا بھی شامل ہے کہ خلائی ماحول انسانی جسم میں خون کی شریانوں کی عمر بڑھنے جیسے حیاتیاتی عمل پر کس طرح اثر انداز ہوتا ہے، تاکہ مستقبل میں ان مسائل کی روک تھام اور علاج کے لیے نئی حکمت عملیاں تیار کی جا سکیں۔
پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی خاص طور پر بیکٹیریا میں فوٹوسینتھیسز اور کوئنوآ (ایک پودا جو غذا کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے) کے بیجوں پر خلائی شعاعوں اور انتہائی کم کششِ ثقل کے اثرات کا مطالعہ کریں گے۔
محمد ذیشان علی تقریباً ایک ہفتے کے مختصر قیام کے بعد زمین پر واپس آ جائیں گے۔
دوسری جانب چینی خلا باز تانگ ہونگ بو اور وو یی، تیانگونگ خلائی سٹیشن پر تقریباً چھ ماہ گزاریں گے۔ اس دوران ان کے ساتھ ژو یانگ ژو بھی موجود ہوں گے، جو شینژو 23 مشن کے رکن ہیں اور اس بات کا مطالعہ کر رہے ہیں کہ انسانی جسم خلا میں طویل عرصے تک رہنے کے دوران خود کو کس طرح ماحول کے مطابق ڈھالتا ہے۔
چین نے اپنے انسان بردار خلائی مشن شینژو 24 کو ’مکمل کامیاب‘ قرار دے دیا ہے، جبکہ خلائی جہاز کامیابی کے ساتھ اپنے مقررہ مدار میں داخل ہو چکا ہے۔
جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر میں حکام نے اعلان کیا کہ بیجنگ ایرو سپیس کنٹرول سینٹر سے موصول ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق شینژو 24 کو کامیابی سے طے شدہ مدار میں بھیج دیا گیا ہے اور خلائی جہاز معمول کے مطابق کام کر رہا ہے۔
دوسری جانب مشن میں شامل چینی خلا باز تانگ ہونگ بو، وو یی اور پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی لانچ کے بعد اپنے خلائی سفر پر گامزن ہیں۔
پرواز کے دوران عملے نے اپنے ماسک بھی اتار دیے، جو اس بات کی علامت ہے کہ خلائی جہاز کے اندر فضائی دباؤ اور ہوا کا معیار مستحکم ہے۔
چینی حکام کے مطابق شینژو 24 کو لانچ کے تقریباً ساڑھے تین گھنٹے بعد تیانگونگ خلائی سٹیشن کے ساتھ منسلک ہونا ہے، جہاں پہلے سے موجود شینژو 23 مشن کا عملہ ان کا استقبال کرے گا۔
چین کا انسان بردار خلائی مشن شینژو 24 کامیابی سے لانچ ہونے کے بعد اپنے مقررہ مدار کی جانب سفر کر رہا ہے۔
مشن میں چینی خلا باز تانگ ہونگ بو، وو یی اور پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی شامل ہیں۔
لانچ کے بعد جاری ہونے والی تصاویر میں خلا بازوں کو خلائی جہاز کے اندر دیکھا جا سکتا ہے، جہاں وہ پرواز کے ابتدائی مراحل کے دوران معمول کے مطابق اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
مشن کے دوران عملہ مختلف سائنسی تجربات بھی انجام دے گا۔
منصوبے کے مطابق شینژو 24 لانچ ہونے کے تقریباً ساڑھے تین گھنٹے بعد چین کے خلائی سٹیشن تیانگونگ کے ساتھ منسلک ہو جائے گا، جہاں پہلے سے موجود شینژو 23 مشن کا عملہ ان کا استقبال کرے گا۔
یہ مشن پاکستان کے لیے بھی تاریخی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ محمد ذیشان علی چین کے تیانگونگ خلائی سٹیشن کا سفر کرنے والے پہلے پاکستانی خلا باز ہیں، جبکہ یہ چین کے انسانی خلائی پروگرام کی تاریخ میں چینی اور غیر ملکی خلا بازوں پر مشتمل پہلی مشترکہ خلائی پرواز بھی ہے۔
شینژو 24 مشن خلا کی جانب اپنے سفر پر گامزن ہے، اور اس میں سوار تینوں خلا باز اس وقت نہایت پُر سکون دکھائی دے رہے ہیں، جیسا کہ اس تصویر کے بائیں جانب دیکھا جا سکتا ہے۔
تصویر کے دائیں جانب شینژو 23 مشن کے تین خلا باز موجود ہیں، جو رواں سال مئی میں مدار میں پہنچے تھے۔
یہ مشن صرف ایک سائنسی کامیابی نہیں بلکہ ایک سفارتی اور جغرافیائی سیاسی پیغام بھی ہے۔
چین پہلی بار کسی غیر ملکی شہری کو خلا میں بھیج رہا ہے، اور اس کی دو بڑی وجوہات ہیں: سائنس اور سفارت کاری۔
پاکستان فضائیہ کے 40 سالہ پائلٹ محمد ذیشان علی شینژو 24 مشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ وہ مدار میں پانچ روزہ پرواز کے دوران بایوٹیکنالوجی اور فوٹو سینتھیٹک مائیکرو آرگنزمز کے شعبوں میں کئی تجربات انجام دینے کے بعد زمین پر واپس آئیں گے۔
بیجنگ کو امید ہے کہ یہ پرواز اسلام آباد کے ساتھ اس کے تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گی، خصوصاً ایسے وقت میں جب دونوں ممالک خلائی تعاون کے 75 برس مکمل ہونے کا جشن منا رہے ہیں۔
چین اپنے خلائی پروگرام پر اربوں ڈالر خرچ کر چکا ہے، اور اس کا اہم ترین منصوبہ، تیانگونگ خلائی سٹیشن، عموماً تین خلا بازوں پر مشتمل ٹیموں کے ذریعے چلایا جاتا ہے جنھیں ہر چھ ماہ بعد تبدیل کیا جاتا ہے۔
اب چین یہ دکھانے کا خواہاں ہے کہ یہ خلائی سٹیشن صرف چینی تنصیب نہیں بلکہ ایک بین الاقوامی تحقیقی پلیٹ فارم بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
یہ سب ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب بیجنگ امریکہ کی قیادت میں چلنے والے خلائی پروگرام کے متبادل کے طور پر اپنی حیثیت منوانے کی کوشش کر رہا ہے، اور 2030 تک پہلی بار چینی خلا بازوں کو چاند پر اتارنے کا ہدف رکھتا ہے۔
بین الاقوامی شراکت داریاں اثر و رسوخ اور ساکھ میں اضافہ کرتی ہیں۔ اسی لیے اس مشن کے ذریعے چین کا پیغام یہ ہے کہ وہ دیگر ممالک کو بھی اپنے خلا بازوں کو خلا میں بھیجنے کا موقع فراہم کر سکتا ہے۔
چین کا انسان بردار خلائی مشن شینژو 24 خلا کی جانب روانہ ہو گیا ہے۔
خلائی جہاز کو بدھ کی صبح چین کے جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے روانہ کیا گیا۔ مشن کے عملے میں چینی خلا باز تانگ ہونگ بو، وو یی اور پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی شامل ہیں۔
محمد ذیشان علی تیانگونگ خلائی سٹیشن جانے والے پہلے پاکستانی خلا باز ہیں، جبکہ یہ چین کے انسانی خلائی پروگرام کی تاریخ میں چینی اور غیر ملکی خلا بازوں پر مشتمل پہلی مشترکہ خلائی پرواز بھی ہے۔
منصوبے کے مطابق شینژو 24 تقریباً ساڑھے تین گھنٹے بعد زمین کے نچلے مدار میں موجود چین کے خلائی سٹیشن تیانگونگ کے ساتھ منسلک ہو جائے گا۔
چین کے شینژو 24 انسان بردار مشن کی روانگی قریب، الٹی گنتی جاری ہے۔
تینوں خلا باز پرواز کے لیے تیار ہیں۔
یہ خلائی جہاز چند ہی لمحوں میں چین کے خلائی سٹیشن تیانگونگ کی جانب روانہ ہو گا۔
اس کے عملے میں چینی خلا باز تانگ ہونگ بو، وو یی اور پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی شامل ہیں۔
چین کا انسان بردار خلائی مشن شینزو 24 کچھ ہی دیر بعد روانہ ہو جائے گا۔
خلائی جہاز بیجنگ کے مقامی وقت کے مطابق آٹھ بج کر 18 منٹ، اور پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق پانچ بج کر 18 منٹ پر زمین کے نچلے مدار میں واقع چین کے خلائی سٹیشن کی جانب روانہ ہو گا۔
لانچ کے تقریباً ساڑھے تین گھنٹے بعد جہاز خلائی سٹیشن کے ساتھ جڑ جائے گا۔
چین نے بدھ کے روز جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر میں شینژو 24 انسان بردار خلائی مشن پر روانہ ہونے والے تین خلابازوں کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا۔
تقریب کے دوران خلا باز تانگ ہونگ بو، وو یی اور پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی نے اپنے مشن کے احکامات وصول کیے۔
چینی خلائی سٹیشن کے مطابق شینژو 24 مشن کے عملے نے ریٹرن کیپسول میں داخل ہو کر اڑان سے قبل حتمی چیکنگ مکمل کر لی ہے۔
عملے میں چینی خلاباز کمانڈر تانگ ہونگ بو، وو یی اور پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی شامل ہیں، جو مدار کی جانب اپنے سفر کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
چین کے خلائی مشن میں پاکستانی خلا باز محمد ذیشان کی شمولیت پر وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا ستاروں سے آگے سفر شروع ہو گیا۔
اپنے بیان میں انھوں نے کہا کہ یہ صرف ایک خلا باز کا سفر نہیں، بلکہ پاکستانیوں کے عزم کی کہانی ہے۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا: ’ہماری قوم ایک تاریخی سنگ میل عبور کرنے جا رہی ہے، یہ نوجوان نسل، ہمارے سائنس دانوں اور ہمارے خوابوں کا سفر ہے۔‘
چین کے خلائی مشن کے کمانڈر تانگ ہونگ بو، خلا باز وو یی اور پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی لانچ پیڈ کی جانب روانہ ہو گئے ہیں۔
پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی کی چین کے خلائی سٹیشن تیانگونگ کے لیے تاریخی پرواز بدھ 25 نومبر کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح پانچ بج کر 18 منٹ پر روانہ ہونے کے لیے شیڈول ہے، جسے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) سمیت مختلف آن لائن پلیٹ فارمز پر براہِ راست دیکھا جا سکے گا۔
چین کے جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے شینژو۔24 خلائی مشن کی روانگی بیجنگ کے وقت صبح آٹھ بج کر 18 منٹ پر شیڈول ہے۔
پی ٹی وی بدھ کی صبح پاکستانی اور چینی وفود کی جانب سے خلا بازوں کو رخصت کرنے کی تقریب بھی براہِ راست نشر کرے گا، جس کی نشریات پاکستانی وقت کے مطابق رات ایک بج کر 40 منٹ سے دو بج کر 10 منٹ تک ہوں گی۔ جبکہ راکٹ کی روانگی کی براہِ راست نشریات صبح پانچ بجے سے پانچ بج کر 40 منٹ تک کی جائیں گی۔
پی ٹی وی کی دونوں نشریات سیٹلائٹ کے ذریعے بھی دستیاب ہوں گی، جنھیں دیگر ٹی وی چینلز بھی اپنے نشریاتی نظام میں شامل کر سکیں گے۔
مشن کی براہِ راست نشریات کے لیے سپارکو کے اسلام آباد میں مرکزی دفتر میں بھی انتظام کیا گیا ہے، جہاں سے راکٹ کی روانگی اور مشن سے متعلق سرگرمیاں دیکھی جا سکیں گی۔
واضح رہے کہ محمد ذیشان علی شینژو۔24 مشن میں پے لوڈ سپیشلسٹ کے طور پر شامل ہیں اور چین کے تیانگونگ خلائی سٹیشن جانے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہوں گے۔
یہ چین کے انسانی خلائی پروگرام کی تاریخ میں چینی اور غیر ملکی خلا بازوں پر مشتمل پہلی مشترکہ خلائی پرواز بھی ہو گی۔
پاکستان کے پہلے خلاباز محمد ذیشان علی چین کے خلائی سٹیشن تیانگونگ کے لیے ایک تاریخی خلائی مشن پر روانہ ہونے والے ہیں۔ اس مشن کے ساتھ پاکستان انسانی خلائی پرواز اور تحقیق کے شعبے میں ایک نئے دور میں داخل ہو گا۔
سپارکو کی جانب سے 24 نومبر کو جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق مشن کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔ یہ مشن چائنا مینڈ سپیس ایجنسی (سی ایم ایس اے) کی قیادت اور پاکستان کے خلائی ادارے سپارکو کے اشتراک سے مکمل کیا جا رہا ہے۔
محمد ذیشان علی اس مشن میں پے لوڈ سپیشلسٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔ ان کی بنیادی ذمہ داری چین کے خلائی سٹیشن پر بے وزنی کی کیفیت میں پاکستانی محققین کے تیار کردہ سائنسی تجربات کرنا ہو گی۔
ان تجربات کا تعلق میٹریل سائنس، سیال مادوں کی طبیعیات، حیاتیاتی علوم اور بائیوٹیکنالوجی سے ہے۔ ان کے نتائج موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے، غذائی تحفظ اور صنعتی ترقی میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
ان تجربات میں ایک اہم تحقیق مائیکرو الجی (خوردبینی کائی) کی افزائش سے متعلق ہے۔ اس کا مقصد یہ جانچنا ہے کہ مستقبل کے طویل خلائی مشنز میں اسے خوراک اور آکسیجن کی فراہمی کے لیے کس طرح استعمال کیا جا سکتا ہے۔
یہ سائنسی پروگرام چین کے مختلف تحقیقی اداروں اور جامعات کے تعاون سے مکمل کیا جا رہا ہے۔
سپارکو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس مشن کو پاکستان اور چین کے خلائی تعاون میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے پاکستانی محققین کو خلائی ماحول میں سائنسی تجربات کرنے کا موقع ملے گا۔
بشکریہ بی بی سی اردو