لائیو , زمینی راستے سے کچھ بھی ایران داخل نہیں ہو سکتا، ٹرمپ کا ’آپریشن آئرن گیٹ‘ نافذ کرنے کا اعلان

امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے اتوار کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک ٹیلیفونک انٹرویو کا حوالہ دیا، جس میں انھوں نے کہا کہ اگر تنازع ختم کرنے کے لیے جاری مذاکرات میں پیش رفت ہوتی رہی تو ایران پر نئے حملوں کا حکم دیے جانے کا امکان ’بہت کم‘ ہے۔
دوسری جانب ایران نے ثالثی کی کوششوں میں تعطل کی نشاندہی کی ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اتوار کو کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کسی تصفیے تک پہنچنے کی غرض سے جاری ثالثی کی سرگرمیاں چند روز سے رکی ہوئی ہیں۔ ان کے مطابق اس کی وجہ امریکی انتخابات کے نتائج ہیں، جن میں کانگریس میں ڈیموکریٹک پارٹی نے نمایاں کامیابی حاصل کی۔
عراقچی نے ایرانی سرکاری ٹیلی وژن سے گفتگو میں کہا: ’ثالثوں کی سرگرمیاں رک گئی ہیں اور اس کی وجہ وہ صدمہ ہے جو امریکی انتخابات کے نتائج نے سب پر چھوڑا ہے۔ ماحول کو دوبارہ ثالثی کی سرگرمیوں کے لیے سازگار بننے میں کچھ وقت لگے گا، اس لیے صبر کرنا ہو گا۔‘
بی بی سی اُردونے اپنی نئی ایپ لانچ کر دی ہے، جس کے ذریعے اب صارفین اپنی دلچسپی کی تمام علاقائی و عالمی خبریں، تجزیے اور معلومات براہ راست اپنے موبائل فون یا ٹیبلٹ پر حاصل کر سکیں گے۔
بی بی سی اُردو کا تمام مواد بی بی سی ورلڈ سروس کی نئی ایپ پر دستیاب ہو گا جسے آپ اپنے موبائل فون یا ٹیبلٹ کی مناسبت سے ایپ سٹور یا گوگل پلے سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔
نئی ایپ کیسے ڈاؤن لوڈ کی جائے؟
گوگل پلے سٹور سے اینڈروئڈ ڈیوائسزکے لیے بی بی سی ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں
ایپ سٹور سے آئی فون اور آئی پیڈ کے لیے بی بی سی ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں
BBC World Service ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد آپ کو اپنی پسند کا ایڈیشن یعنی ’BBC News اردو‘ کا انتخاب کرنا ہو گا جہاں آپ کو پاکستان اور دنیا کے مختلف خطوں میں موجود بی بی سی کے صحافیوں کی رپورٹس دستیاب ہوں گی۔
نوٹ: یہ ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں اور اس کا انگریزی زبان کا کوئی ایڈیشن بھی نہیں ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف ’آپریشن آئرن گیٹ‘ نافذ کیا جا چکا ہے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا: ’اس کا مطلب ہے کہ زمینی راستے سے کچھ بھی (ایران میں) داخل نہیں ہو سکتا، اور جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ (ایران کے خلاف پہلے سے نافذ کردہ) بحری ناکہ بندی کے باعث سمندری راستے سے بھی کوئی چیز (ایران میں) نہیں آ سکتی۔‘
امریکی صدر کے مطابق ’بہت موثر طریقے سے ان (ایران) کی ناکہ بندی کی جا چکی ہے۔
ٹرمپ کے دعوے کے مطابق ان کے اقدامات کے نتیجے میں ایران کے پاس ’کوئی رقم موجود نہیں‘، وہاں مہنگائی کی سطح 300 فیصد تک جا پہنچی ہے اور ایران اپنے اہلکاروں کو تنخواہ تک ادا نہیں کر پا رہا۔
امریکی صدر نے کہا کہ ’کسی مرحلے پر ایران معقول رویہ اختیار کرے گا۔ اگر ہم ابھی انھیں تباہ کر دیں تو مسئلہ یہ ہے کہ پھر انھیں دوبارہ تعمیر کرنا ممکن نہیں ہو گا۔‘
صحافیوں سے گفتگو میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر ایران میں موجود تنصیبات، پُل اور بجلی گھر تباہ کر دیے گئے تو ان کی تعمیرِ نو کا بوجھ لوگوں (ایران کے عوام) کو برداشت کرنا پڑے گا، اور یہ مجھے پسند نہیں۔‘
خیال رہے کہ ایران کے خلاف کئی ماہ تک جاری رہنے والے بحری محاصرے کے بعد، امریکی سینٹرل کمانڈ نے سنیچر کو ایک خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دینے کا حکم دیا تھا۔ اس کا مقصد زمینی سرحدوں اور بحیرہ کیسپیئن کے راستے جدید ہتھیاروں کے نظام اور دیگر پابندی زدہ ایرانی اشیاء کی نقل و حمل کو محدود کرنا ہے۔
آئرن گیٹ کہلانے والی اس خصوصی ٹاسک فورس میں تقریباً 20 فوجی اور سویلین اہلکار شامل ہوں گے۔ اس کا مرکز فلوریڈا کے شہر ٹمپا میں ہوگا اور یہ اپنی سرگرمیوں کے حوالے سے امریکی حکومت کے دیگر اداروں کے ساتھ رابطہ اور ہم آہنگی رکھے گی۔
گوجرانوالہ کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 77 کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار راشد بشیر ورک کامیاب ہوگئے ہیں۔
الیکشن کمیشن پاکستان کی جانب سے فارم 45 کے تحت حلقے کے تمام 333 پولنگ سٹیشنز کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج جاری کر دیے گئے ہیں، جن کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار راشد بشیر ورک 43 ہزار 365 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائے ہیں۔
مرکزی مسلم لیگ کے امیدوار محمد ابراہیم گجر 30 ہزار 218 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے، جبکہ آزاد امیدوار الفت رسول وڑائچ 5 ہزار 373 ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر آئے۔
یہ نشست مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی محمود بشیر ورک کی وفات کے باعث خالی ہوئی تھی۔ پارٹی نے ان کے بیٹے راشد بشیر ورک کو ضمنی انتخاب میں اپنا امیدوار نامزد کیا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اس ضمنی انتخاب کا بائیکاٹ کیا تھا، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنا امیدوار میدان میں نہ اتارتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی حمایت کی تھی۔
انتخابی عمل کے دوران مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے حامیوں پر دھاندلی کے الزامات بھی عائد کیے جاتے رہے۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن کے مقرر کردہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر سید باسط علی نے ضابطہ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزی پر مسلم لیگ (ن) کی دو خواتین ارکانِ قومی اسمبلی اور چار خواتین ارکانِ صوبائی اسمبلی کو شوکاز نوٹس جاری کیے۔
ادھر این اے 77 کے ضمنی انتخاب میں ضابطہ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزی کے معاملے پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ کے وکیل اتوار کو الیکشن کمیشن گوجرانوالہ میں پیش ہوئے۔
عطا تارڑ نے اپنے وکیل کے ذریعے شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرا دیا۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے وفاقی وزیر کو جاری نوٹس میں انہیں اتوار کی صبح 11 بجے الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی تھی۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے حکام کے مطابق پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے ڈاکٹروں پر مشتمل ایک ٹیم نے جیل کا دورہ کیا ہے اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ کیا ہے۔
جیل حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں کی ٹیم تقریباً دو گھنٹے تک اڈیالہ جیل میں موجود رہی، جہاں دونوں کی صحت کا جائزہ لیا گیا۔ تاہم معائنے کی تفصیلات اور ڈاکٹروں کی سفارشات کے بارے میں فوری طور پر کوئی معلومات جاری نہیں کی گئیں۔
دوسری جانب بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی ہے، جس میں بشریٰ بی بی کی بینائی سے متعلق خدشات کا اظہار کیا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کو مناسب طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کا معائنہ و علاج ان کے ذاتی معالج سے کرانے کی اجازت دی جائے۔ درخواست میں عدالت سے اس سلسلے میں مناسب احکامات جاری کرنے کی استدعا بھی کی گئی ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی ووٹرز اپنا فیصلہ سنا چکے ہیں اور اب باری وائٹ ہاؤس کی ہے کہ وہ اپنی راہ کا انتخاب کرے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے نائب صدر جے ڈی وینس دونوں نے اعتراف کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ نے ریپبلکن کی شکست میں کردار ادا کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں عباس عراقچی نے کہا کہ ایران کی جانب سے پیش کی گئی دو روزہ تجویز اب بھی برقرار ہے۔ ان کے بقول اگر امریکہ ایران کی شرائط پوری کرے، جن میں ’تمام محاذوں پر جنگ کے خاتمے‘ سمیت دیگر شرائط شامل ہیں، تو اس کے مثبت نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ اس مجوزہ ایرانی منصوبے کے تحت پہلے مرحلے میں امریکہ معاہدے پر عمل درآمد کے لیے عملی اقدامات کرے گا، جبکہ اگلے روز آبنائے ہرمز بحری ٹریفک کے لیے کھول دی جائے گی اور جہازوں کی آمد و رفت معمول پر آ جائے گی۔
ایرانی وزیر خارجہ نے خبردار کیا کہ اگر واشنگٹن نے جنگ کا راستہ اختیار کیا تو پھر ایران کے ’الرٹ اور جنگی تجربہ رکھنے والے جنگجو‘ بھرپور جواب دیں گے۔
پی ٹی آئی خیبر پختونخوا نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی صحت، اہلِ خانہ سے ملاقاتوں پر پابندی اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
پی ٹی آئی خیبر پختونخوا سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو مسلسل تنہائی میں رکھنے، اہلِ خانہ اور قریبی افراد سے ملاقاتوں میں رکاوٹ ڈالنے اور مبینہ غیر انسانی سلوک کے باعث ان کی صحت اور فلاح سے متعلق تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے۔ پارٹی نے حکومت، جیل انتظامیہ اور متعلقہ حکام کو دونوں کی صحت، سلامتی اور عزتِ نفس کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔
بیان کے مطابق دو نومبر کو بیرسٹر سلمان صفدر کی ملاقات کے بعد اہلِ خانہ اور پارٹی قیادت نے عمران خان کے بلند فشارِ خون اور بگڑتی ہوئی صحت پر گہری تشویش کا اظہار کیا، جبکہ بشریٰ بی بی کی بینائی متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ دونوں کو فوری طور پر ماہر ڈاکٹروں سے معائنہ اور علاج کی سہولت فراہم کی جانی چاہیے۔
پی ٹی آئی نے مؤقف اختیار کیا کہ طبی ماہرین پہلے ہی خبردار کر چکے ہیں کہ طویل تنہائی اور اہلِ خانہ سے محدود رابطہ عمران خان کی جسمانی اور ذہنی صحت پر منفی اثرات مرتب کر سکتا ہے۔ ڈاکٹروں نے باقاعدہ خاندانی ملاقاتوں، ورزش اور بہتر جیل سہولیات کی بھی سفارش کی تھی۔
بیان میں یاد دلایا گیا کہ سپریم کورٹ نے 18 اگست 2026 کو عمران خان کا شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے ماہر ڈاکٹروں سے معائنہ کرانے، ان کے ذاتی معالج کو اس عمل میں شامل کرنے اور اہلِ خانہ سے رابطے کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت دی تھی۔ تاہم پارٹی کے مطابق ان احکامات پر مکمل عمل درآمد کے حوالے سے اب بھی سوالات موجود ہیں۔
اسی طرح اسلام آباد ہائی کورٹ نے یکم ستمبر 2026 کو عمران خان اور بشریٰ بی بی کو تنہائی میں رکھنے سے روکنے، اہلِ خانہ سے ملاقاتوں اور رابطوں کی اجازت دینے اور عمل درآمد رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا تھا، لیکن پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ان ہدایات پر مکمل عمل درآمد کے بارے میں خدشات برقرار ہیں۔
پارٹی نے مؤقف اختیار کیا کہ طبی سفارشات اور عدالتی احکامات کے باوجود دونوں کو تنہائی میں رکھنا اور اہلِ خانہ سے مناسب رابطے سے محروم کرنا غیر انسانی سلوک اور نفسیاتی اذیت کے مترادف ہے۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ اگر کسی قسم کی غفلت، رکاوٹ یا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ثابت ہو تو ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔
پی ٹی آئی خیبر پختونخوا نے عدلیہ سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اپنے فیصلوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائے، کیونکہ عدالتی احکامات پر عمل نہ ہونے کی صورت میں قانون کی حکمرانی، عدلیہ کی ساکھ اور عوامی اعتماد متاثر ہو سکتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پارٹی اس معاملے کو قانونی، آئینی، پارلیمانی، سیاسی اور انسانی حقوق کے قومی و بین الاقوامی فورمز پر اٹھاتی رہے گی۔ پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو فوری طور پر ماہر ڈاکٹروں، ذاتی معالجین اور اہلِ خانہ تک رسائی دی جائے، ان کی تنہائی ختم کی جائے اور تمام عدالتی احکامات پر مکمل عمل درآمد کیا جائے۔
بیان کے مطابق قیدیوں کی جان، صحت اور انسانی وقار کسی سیاسی رعایت کا نہیں بلکہ بنیادی انسانی حقوق کا معاملہ ہے، جن کے تحفظ کی ذمہ داری ریاستی اداروں پر عائد ہوتی ہے۔
اسرائیلی صدر کی جانب سے حکومت بنانے کی ایڈوائس ملنے کے بعد گادی آئزنکوٹ نے کہا ہے کہ اسرائیل کو فوری طور پر ایک نئے رہنما اور ایک مؤثر قومی ہنگامی حکومت کی ضرورت ہے۔
انھوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال غیر معمولی اقدامات کا تقاضا کرتی ہے اور ملک مزید سیاسی تعطل یا بار بار انتخابات کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ان کے بقول، حکومت سازی کے عمل میں تاخیر اسرائیل کے مفاد میں نہیں۔
پارلیمانی انتخابات میں کسی بھی جماعت یا اتحاد کو واضح اکثریت حاصل نہ ہونے کے بعد صدر آئزک ہرزوگ نے مختلف سیاسی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد آئزن کوٹ کو حکومت تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپی۔
آئزنکوٹ نے عندیہ دیا کہ اگر ان کی قیادت میں حکومت سازی پر اتفاق ہو جائے تو بنیامین نیتن یاہو بھی اس کا حصہ بن سکتے ہیں۔ تاہم انھوں نے خبردار کیا کہ ذاتی یا سیاسی مفادات کی خاطر قومی اتحاد کی کوششوں میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو تاریخ مثبت انداز میں یاد نہیں رکھے گی۔
دوسری جانب صدر آئزک ہرزوگ نے کہا ہے کہ اسرائیل کو غیر یقینی اور حساس علاقائی حالات کا سامنا ہے، لہٰذا پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط اور مستحکم حکومت کی ضرورت ہے۔
ادھر اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے بھی ایران کے جوہری پروگرام کو درپیش خطرات کے تناظر میں قومی اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے معاملے پر اسرائیل کا کام ابھی ختم نہیں ہوا۔
بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبروں اور تجزیوں کے متعلق جاننے کے لیے بی بی سی کی لائیو پیج کوریج جاری ہے۔
گذشتہ روز تک کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔
بشکریہ بی بی سی اردو