جمعہ، 6 نومبر، 2026 · 27 جمادی الاول، 1448 ہجری

خطے میں موجودہ بحرانوں کی بڑی وجہ اسرائیل کی توسیع پسندانہ کوششیں ہیں: ترجمان دفتر خارجہ

پاکستان
خطے میں موجودہ بحرانوں کی بڑی وجہ اسرائیل کی توسیع پسندانہ کوششیں ہیں: ترجمان دفتر خارجہ

اسکرین گریب

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ خطے میں موجودہ بحرانوں کی بڑی وجہ اسرائیل کی توسیع پسندانہ کوششیں ہیں جن سے فلسطین کے علاوہ شام، لبنان اور دیگر پڑوسی ممالک بھی متاثر ہو رہے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے کہا کہ مکہ اتحاد کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے ہے۔

ترجمان نے کہا کہ امریکا میں حکومت کسی بھی جماعت کی ہو پاکستان کے امریکا کے ساتھ بہترین تعلقات رہے ہیں، پاکستان تجارت، سرمایہ کاری، سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی سمیت تمام شعبوں میں امریکی حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے بھارتی شہریوں کے لیے ویزوں کا اجرا بند نہیں کیا، بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان پاکستان آنا چاہیں تو انہیں ویزا جاری کرنے پر کوئی پابندی نہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ سال9 ہزار سے زائد بھارتی سکھ یاتریوں کو پاکستان آنے کے ویزے جاری کیے گئے جبکہ رواں سال بھی 4 ہزار سے زائد بھارتی سکھ یاتریوں کو ویزے دیے گئے۔

دفترخارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارت نےمئی 2025 کے بعد کرتارپور راہداری کے ذریعے زائرین کی آمدورفت معطل کر رکھی ہے، پابندیاں ختم ہوتے ہی پاکستان سکھ یاتریوں کے استقبال اور سہولت کاری کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا پاکستان نے کرتارپور راہداری ایسے وقت میں قائم کی جب دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت بھی نہیں ہو رہی تھی، پاکستان نے راہداری پر اربوں روپے خرچ کیے اور سکھ یاتریوں کو ان کے مقدس مقام تک رسائی کے لیے تمام سہولتیں فراہم کیں۔

ترجمان کے مطابق پاکستان کو 20 سے 22 نومبر تک نئی دہلی میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کا دعوت نامہ موصول ہوگیا ہے، شرکت کا فیصلہ ادارہ جاتی مشاورت کے بعد قیادت کرے گی۔

بشکریہ جیو نیوز