جمعرات، 5 نومبر، 2026 · 26 جمادی الاول، 1448 ہجری

ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کو فائیو اسٹار ہوٹل میں تبدیل کریں گے، متعلقہ فریقوں کو ادائیگیاں کی جائیں گی: محسن نقوی

پاکستان
ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کو فائیو اسٹار ہوٹل میں تبدیل کریں گے، متعلقہ فریقوں کو ادائیگیاں کی جائیں گی: محسن نقوی

اسکرین گریب

وزیرداخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کو فائیو اسٹار ہوٹل میں تبدیل کیا جائے گا۔

محسن نقوی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کابینہ نے ون کانسٹیٹیوشن ایونیو سے متعلق جے آئی ٹی رپورٹ کی منظوری دے دی ہے، قانونی طور پر اس کا قبضہ اب ہمارے پاس آگیا، جے آئی ٹی رپورٹ کی سفارشات کے مطابق تمام متعلقہ فریقوں کو ان کی واجب الادا ادائیگیاں کی جائیں گی۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ آئندہ چند ماہ میں ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کو فائیو اسٹار ہوٹل میں تبدیل کر دیا جائے تاکہ اسلام آباد کے شہریوں کو جلد فائیو اسٹار ہوٹل کی سہولت میسر آسکے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد میں ہر قسم کے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا، سرکاری زمین پر قبضہ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کی جے آئی ٹی نے نیب کو معاملے کی تحقیقات کی سفارش کی ہے،کانسٹیٹیوشن ون ایونیو میں سرمایہ کاری کرنے والوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا، نیب میرٹ پر تحقیقات کرے گا۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا منصوبے کی کاغذی کارروائی بھی مشکوک اور جعلسازی پر مبنی تھی، جے آئی ٹی نے عبدالحفیظ شیخ اور سی ڈی اے کے کچھ افسران کی نشاندہی کی، عبدالحفیظ شیخ کی کمپنی کو بلیک لسٹ قرار دے دیا گیا ہے، اس پروجیکٹ کی دوبارہ شفاف طریقے سے بولی ہوگی.

وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ 20 سال یہ منصوبہ چلتا رہا، دو بار کارروائی مسلم لیگ (ن) کے دور میں کی گئی، ون کانسٹیٹیوشن ایونیو میں عمران خان نے بھی فلیٹ حاصل کیا، سب کو موقع دیا گیا کہ اپنا دعویٰ ثابت کریں۔

انہوں نے کہا کہ 7 سے 8 افراد پیش نہیں ہوئے، پیش نہ ہونے والے ان 8 افراد میں عمران خان بھی شامل ہیں رپورٹ پر نیب میں 3 ماہ میں ذمہ داروں کیخلاف ریفرنس لایا جائے گا۔

بشکریہ جیو نیوز