جمعرات، 5 نومبر، 2026 · 26 جمادی الاول، 1448 ہجری

کرپشن سےمتعلق بیان پرقائم ہوں،وزیراعلیٰ پنجاب کا لیگل نوٹس ملاتو بھرپور جواب دوں گا: چوہدری سالک

پاکستان
کرپشن سےمتعلق بیان پرقائم ہوں،وزیراعلیٰ پنجاب کا لیگل نوٹس ملاتو بھرپور جواب دوں گا: چوہدری سالک

فوٹو: فائل

اسلام آباد: وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کا کہنا ہےکہ پنجاب میں کرپشن سے متعلق بیان پر قائم ہوں، وزیراعلیٰ پنجاب کا لیگل نوٹس نہیں ملا، لیکن جب ملےگا تو بھرپور جواب دوں گا۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈيا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری سالک حسین کا کہنا تھا کہ دو دن پہلے وزیراعلیٰ خود کہہ چکی ہیں کہ پنجاب میں کرپشن ہے۔

خیال رہےکہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چوہدری سالک کے پنجاب میں کرپشن کےبیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہیں عدالتوں میں گھسیٹنے اور قانونی نوٹس بھیجنےکا اعلان کیا تھا۔

مریم نواز نے کہا تھا کہ حکومت اتنی کرپٹ ہے تو وزیر بن کر کیوں بیٹھےہیں، میں کسی کی نہیں سنتی، پنجاب میں افسران کو میرٹ پر لگاتی ہوں، جو سفارش پرآتا ہے تو ملک اور عوام کا بیڑا غرق کرتا ہے۔

سالک کا پنجاب میں کرپشن سے متعلق بیان سمجھ سے باہر ہے، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے ردعمل میں کہا ہےکہ چوہدری سالک میرے لیے بہت محترم ہیں اور ان کے بزرگوں کا مجھے اپنے بزرگوں جیسا احترام ہے، چوہدری سالک کا پنجاب میں کرپشن سے متعلق بیان میری ناقص سیاسی سمجھ سے باہر ہے،کرپشن ہمارے معاشرہ کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، تمام سیاسی قیادت کی مشترکہ ذمہ داری ہےکہ ملک کو اس لعنت سے پاک کیا جائے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ چوہدری سالک مرکزی اور صوبائی دونوں حکومتوں کا حصہ ہیں، مرکزی اور صوبائی حکومت کی قیادت ن لیگ کے پاس ہے، اگربیان مستقبل کے سیاسی ایجنڈےکا حصہ ہے تو سمجھ آتا ہے، اگر ایجنڈا مریم نواز کی حکومت کو ٹارگٹ کرکے اپنا سیاسی مستقبل محفوظ بنانا ہے توسمجھ آتا ہے، اگر ایجنڈا پنجاب اور وفاق میں اپنے لیے جگہ بنانا ہے تو پھر سمجھ آتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مریم نواز پنجاب کے شہروں اور دیہات کی خدمت کر رہی ہیں۔

چوہدری سالک کرپشن کے ثبوت پیش کریں یا معافی مانگیں، عظمیٰ بخاری

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے چوہدری سالک حسین کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ چوہدری سالک وزیراعلیٰ پنجاب کے نوٹس کا جواب دیں، کرپشن کے ثبوت پیش کریں یا معافی مانگیں، آپ وفاقی وزیر ہیں حکومت کا حصہ ہیں، ثبوت کے بغیر بےبنیاد الزامات لگانا زیب نہیں دیتا، کل آپ نے ڈی سی گجرات لگانےکی سفارش کا خود اعتراف کیا آج یوٹرن لے رہے ہیں۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ اسٹیٹس بھی انجوائے کریں اور الزام تراشی بھی کریں، ایسا نہیں چلےگا، آپ کے بھائی نے آپ کے جھوٹے الزامات کو ردکردیا ہے، آپ کو اب جھوٹا الزام لگانےکا جواب دینا ہوگا، یوٹرن سےکام نہیں چلےگا۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے دو سال میں کھربوں روپےکے منصوبے شروع کیے اور مکمل کیے ہیں،کوئی ناقد بھی مریم نواز پر ایک دھیلےکی کرپشن کا الزام نہیں لگا سکا، آپ خودکہہ چکے ہیں کہ آپ کے پاس شواہد نہیں ہیں۔

پنجاب میں کرپشن سے متعلق اپنے بیان پر قائم ہوں، چوہدری سالک حسین

وزیراعلیٰ پنجاب نے وفاقی وزیر سالک چوہدری کو لیگل نوٹس بھجوادیا

بشکریہ جیو نیوز