جے یو آئی کا یہ کہنا معصومیت کا اظہار ہےکہ انہوں نےگورنر راج میں کبھی حصہ نہیں مانگا، خواجہ آصف

فوٹو: فائل
وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہےکہ جے یو آئی کا یہ کہنا معصومیت کا اظہار ہےکہ انہوں نے گورنر راج میں کبھی حصہ نہیں مانگا۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان سے پہلے بھی اختلافات رہے ہیں لیکن اس نہج پر نہیں پہنچے، مولانا فضل الرحمان کو فوری رد عمل نہیں دینا چاہتا تھا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ میرے مولانا فضل الرحمان سے اچھے مراسم ہیں، میری ذات پر حملہ مسئلہ نہیں لیکن مولانا حکومت کی ساکھ پر حملہ کر رہے تھے اگر مولانا فضل الرحمان کا دامن صاف ہے تو وہ اپنے خلاف شروع ہونے والی کارروائی کا سامنا کریں۔
انہوں نے کہاکہ سیاست دانوں پر اس طرح کے حالات آتے رہتے ہیں ، نواز اور شہبازشریف بھی اس وقت سے گزرے ہیں، ہم سب نے ان حالات کو پہلے بھی بھگتا آئندہ بھی بھگتیں گے۔
مولانا سے صلح کی بات پر جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس سوال پر تبصرہ کرنا اس وقت مناسب نہیں، مولانا نے خود تعلقات کو بگاڑا ہے، تعلقات کی خرابی میں ہمارا کردار صفر کے برابر بھی نہیں۔
خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں 13 سال میں کرپشن عروج پر پہنچی ہے، ترقیاتی فنڈ کے لیے بڑی رقم لی جاتی تھی اور پیسے جیبوں میں جاتے تھے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں کئی گروپس ہیں، ہر گروپ ایک دوسرے سے جنگ کی حالت میں ہے۔
بشکریہ جیو نیوز