عمران خان اور بشریٰ بی بی کا اڈیالہ جیل میں طبی معائنہ
راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا اڈیالہ جیل میں طبی معائنہ کیا گیا ہے، جس کے لیے پمز ہسپتال اسلام آباد کی خصوصی طبی ٹیم جیل پہنچی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق راولپنڈی کی اڈیالہ جیل پہنچنے والی اسلام آباد کے پولی کلینک اور پمز اسپتال کے ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل خصوصی طبی ٹیم میں ڈاکٹر محمد علی، ڈاکٹر عارف شامل تھے، دیگر پیرا میڈیکل سٹاف بھی ٹیم کے ساتھ تھا۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی کی انتظامیہ کی نگرانی میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا الگ الگ تفصیلی طبی معائنہ کیا گیا، اس دوران عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ملاقات کروائے جانے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ معائنے کے دوران دونوں شخصیات کا روٹین فالو اپ چیک اپ کیا گیا، بلڈ پریشر اور دیگر بنیادی علامات کی جانچ کی گئی جب کہ کچھ ضروری طبی ٹیسٹوں کے نمونے بھی حاصل کیے گئے۔
تمام تر معائنہ اور ٹیسٹنگ کے عمل کو مکمل کرنے کے بعد خصوصی طبی ٹیم اڈیالہ جیل سے واپس اسلام آباد روانہ ہو گئی۔
معلوم ہوا ہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے وکلاءاور اہل خانہ کی جانب سے مسلسل خدشات ظاہر کیے جاتے رہے ہیں، جس کی روشنی میں عدالت نے ان کے باقاعدہ طبی معا ئنوں کا حکم دیا تھا۔
اس سے قبل اگست 2026ءمیں سپریم کورٹ کی جانب سے عمران خان کو تفصیلی معائنے کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال اسلام آباد منتقل کرنے کا حکم بھی دیا گیا تھا تاہم حکومت کی جانب سے ان کا پمز میں طبی معائنہ کروایا گیا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت