ہفتہ، 31 اکتوبر، 2026 · 21 جمادی الاول، 1448 ہجری

سہ ملکی سیریز فائنل:سری لنکا کا پاکستان کو جیت کیلئے 326 رنز کا ہدف

قومی خبریں

لاہور: تین ملکی ون ڈے سیریز کے فیصلہ کن معرکے میں سری لنکا نے پاکستان کے خلاف بڑا مجموعہ ترتیب دیتے ہوئے گرین شرٹس کو فتح کے لیے 326 رنز کا ہدف دے دیا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے فائنل میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا انتخاب کیا، تاہم سری لنکن بلے بازوں نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 325 رنز بنالیے۔

سری لنکا کی اننگز کے نمایاں بلے باز کمیندو مینڈس رہے، جنہوں نے پاکستانی بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے 131 رنز کی شاندار باری کھیلی۔ ان کی اننگز میں 12 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

پون رتنائیکے نے 77 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعے میں اہم حصہ ڈالا جبکہ اوشکا فرنانڈو 38 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے سلمان آغا، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور نسیم شاہ نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، تاہم سری لنکن بلے بازوں کو بڑا مجموعہ ترتیب دینے سے نہ روک سکے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے آخری مرتبہ 2008 میں سہ ملکی ایک روزہ سیریز کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ اس وقت بنگلا دیش میں کھیلے گئے فائنل میں قومی ٹیم نے بھارت کو شکست دے کر ٹرافی جیتی تھی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت