اتوار، 29 نومبر، 2026 · 20 جمادی الثانی، 1448 ہجری

سردیوں میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈز کیوں ضروری؟

تازہ ترین
سردیوں میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈز کیوں ضروری؟

موسمِ سرما کے آغاز کے ساتھ ہی لوگوں کی غذائی عادات اور روزمرہ سرگرمیوں میں نمایاں تبدیلی آتی ہے۔ بھاری اور تلی ہوئی غذاؤں کا رجحان بڑھ جاتا ہے جبکہ سلاد، پھل اور جسمانی سرگرمی کم ہو جاتی ہے۔

ماہرین کے مطابق اگرچہ سردیوں میں اومیگا تھری (Omega-3) کی حیاتیاتی ضرورت میں کوئی خاص اضافہ نہیں ہوتا، لیکن جوڑوں کے درد، دل پر پڑنے والے اضافی دباؤ اور جلد کی خشکی جیسی موسمی علامات کے پیشِ نظر یہ غذائی جزو اہم کردار ادا کرتا ہے۔

جسم خود اومیگا تھری تیار نہیں کر سکتا، اس لیے اسے خوراک سے حاصل کرنا ضروری ہے۔ اس کی بنیادی اقسام میں پودوں میں پایا جانے والا ALA اور چکنی مچھلیوں و ایلجی آئل میں موجود EPA اور DHA شامل ہیں۔

سرد موسم میں جوڑوں کی سوزش کم کرنے، ٹرائی گلیسرائیڈز اور دل کی صحت برقرار رکھنے، جلد کی خلیاتی جھلی کو سہارا دینے اور دماغی ساخت و کارکردگی کے لیے یہ مفید ہے، تاہم یہ موئسچرائزرز یا مناسب ہائیڈریشن کا متبادل نہیں۔

اخروٹ، السی کے بیج (Flaxseeds) اور چیا سیڈز میں ALA پایا جاتا ہے، جو جسم میں نسبتاً کم شرح سے EPA اور DHA میں تبدیل ہوتا ہے، جبکہ ہفتے میں ایک سے دو بار مچھلی (جیسے بنگڈا، سارڈین، سالمون یا ٹراؤٹ) یا نباتاتی افراد کے لیے ایلجی آئل (Algal oil) زیادہ براہِ راست ذریعہ ہے۔

چکنائی پر مشتمل یہ غذائیں گرمی، روشنی اور آکسیجن سے متاثر ہو سکتی ہیں، اس لیے پسی ہوئی السی کو ٹھنڈی اور بند جگہ پر رکھنا اور پکے ہوئے گرم کھانوں میں ڈالنے سے گریز کرنا مناسب ہے۔

صحت مند افراد کے لیے قدرتی خوراک ترجیح ہونی چاہیے، جبکہ زیادہ مقدار میں سپلیمنٹس لینے سے پہلے خون پتلا کرنے والی ادویات یا کسی سرجری کے پیشِ نظر ڈاکٹر سے مشورہ ضروری ہے۔

نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کےلیے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

بشکریہ روزنامہ جنگ