ہفتہ، 28 نومبر، 2026 · 19 جمادی الثانی، 1448 ہجری

بھارتی سیاستدان کی بیٹی کی شادی، 4 لاکھ مہمانوں کیلئے 500 باورچیوں نے کھانا بنایا

تازہ ترین
بھارتی سیاستدان کی بیٹی کی شادی، 4 لاکھ مہمانوں کیلئے 500 باورچیوں نے کھانا بنایا

بھارت کی غریب ترین ریاست بہار کے ایک گاؤں میں سیاستدان کی بیٹی کی شادی پر غیر معمولی انتظامات کیے گئے جس میں تقریباً 4 لاکھ مہمانوں نے شرکت کی۔

بھارتی معروف سیاست دان اننت سنگھ کی بیٹی کی پُرتعیش شادی ناصرف بھارت بلکہ بیرونِ ملک بھی شہ سرخیوں کا حصہ بن گئی ہے جس کے بعد یہ تقریب سخت تنقید کی زد میں ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اننت سنگھ کی بیٹی شوانگی سنگھ کی شادی ایم بی اے کے طالب علم رشی کیش کمار سے ہوئی جو امریکا کی جارجیا اسٹیٹ یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم ہیں۔

شادی کی تقریب کے لیے گاؤں ناداوا میں غیر معمولی تیاریاں کی گئیں، مہمانوں کی تواضع کے لیے 500 باورچیوں کی خدمات حاصل کی گئیں جنہوں نے 5 لاکھ مٹھائیاں تیار کیں جبکہ کھانے میں 1000 کلو گرام گوشت استعمال کیا گیا اور 150 سے زائد اقسام کے پکوان پیش کیے گئے۔

تقریب میں شرکت کے لیے ملک بھر سے مہمان پہنچے، اہم شخصیات کی آمد کے لیے عارضی ہیلی پیڈ بھی بنائے گئے، انتظامیہ نے 52 گھوڑوں کا بھی بندوبست کیا تھا جنہیں مختلف ریاستوں سے لایا گیا تھا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ تقریب کے لیے چین سے پھول درآمد کیے گئے اور بڑے پیمانے پر آتش بازی کا بھی انتظام کیا گیا۔

دولہا 151 گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ بارات لے کر دلہن کے گھر پہنچا جبکہ اسے تحفے میں سفید رنگ کی لگژری گاڑی، 100 گرام کی سونے کی چین اور 80 گرام کا سونے کا کڑا دیا گیا، دلہن نے سرخ اور سنہری رنگ کی ساڑھی پہن رکھی تھی۔

تقریب کی اہم سرگرمیوں میں 52 گھوڑوں پر مشتمل گھڑ دوڑ بھی شامل تھی تاہم دوڑ کے مقام پر لوگوں کا غیر معمولی ہجوم جمع ہونے اور تماشائیوں کے ٹریک پر پہنچ جانے کے باعث منتظمین نے مقابلہ ملتوی کر دیا۔

اننت سنگھ نے اس سے قبل سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اعلان کیا تھا کہ گھڑ دوڑ کے فاتح کو سفید رنگ کی ایس یو وی دی جائے گی، منتظمین نے دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والوں کے لیے موٹر سائیکل اور اسکوٹر دینے کا بھی اعلان کیا تھا۔

شادی میں مہمان بن کر آنے والا چور 22 لاکھ کے زیورات و نقدی لوٹ کر فرار ہوگیا

غیر ملکی ویب سائٹ کی رپورٹ میں کیے گئے دعوے کے مطابق شادی کی دعوت کے لیے بہار سمیت بھارت کی دیگر ریاستوں اور بیرونِ ملک، حتیٰ کہ پاکستان میں بھی تقریباً 4 لاکھ دعوت نامے بھیجے گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق تقریب کے دوران بڑی تعداد میں لوگ درختوں اور بجلی کے کھمبوں پر چڑھ کر شادی کی رسومات دیکھنے کی کوشش کرتے رہے جبکہ اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک جام ہو گیا۔

واضح رہے کہ سیاستدان اننت سنگھ بہار اسمبلی کے 6 مرتبہ رکن رہ چکے ہیں اور ان کے خلاف قتل، اغواء اور بھتہ خوری سمیت 28 مقدمات زیرِ التواء ہیں تاہم وہ خود پر عائد تمام الزامات کی تردید کرتے رہے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جنگ