ہفتہ، 28 نومبر، 2026 · 19 جمادی الثانی، 1448 ہجری

کھاد سے فصل کی پیداوار کم ہونے پر کسان کو صارف عدالت سے رجوع کرنے کا حق مل گیا

تازہ ترین
کھاد سے فصل کی پیداوار کم ہونے پر کسان کو صارف عدالت سے رجوع کرنے کا حق مل گیا

لاہور ہائی کورٹ نے قرار دیا ہے کہ زرعی کھاد کے باعث فصل کی پیداوار کم ہونے پر کسان کو صارف عدالت سے رجوع کرنے کا حق حاصل ہے۔

عدالت نے کھاد سے فصل متاثر ہونے کی شکایت خارج کرنے کا حکم کالعدم قرار دیتے ہوئے کسان کی درخواست دوبارہ سماعت کے لیے بحال کر دی۔

جسٹس انوار حسین نے 9 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلے میں کہا ہے کہ کاشت کاری سے روزگار کمانے والا شخص تحفظ قانون کے تحت صارف تصور ہو سکتا ہے، فصل کی پیداوار کم ہونے سے منافع میں کمی کو کھاد کی خریداری کا تجارتی مقصد قرار نہیں دیا جا سکتا، صرف منافع میں کمی کے مؤقف پر صارف کی شکایت ابتدائی مرحلے میں خارج نہیں کی جا سکتی۔

لاہور ہائی کورٹ: بیوی کے قتل کے مقدمے میں عمر قید پانے والا شوہر بری

عدالت نے قرار دیا کہ اس بات کا تعین کیا جائے کہ کھاد کی خریداری کا مقصد کسان کا ذریعہ معاش تھا یا تجارتی کاروبار، زرعی کھاد بھی پنجاب صارف تحفظ قانون کے تحت مصنوعات میں شامل ہے۔

عدالت کے فیصلے کے مطابق کھاد کے جعلی یا ناقص ہونے اور اس کے اصل ماخذ کا تعین شواہد کی روشنی میں کیا جائے گا، کھاد فروخت کرنے والے ڈیلر اور کمپنی کی ذمے داری بھی ثبوتوں کی بنیاد پر طے ہو گی۔

لاہور ہائی کورٹ نے صارف عدالت گوجرانوالہ کا 23 اپریل 2024ء کا شکایت خارج کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے حکم دیا کہ کسان کی شکایت دوبارہ سنی جائے، فریقین کو اپنا مؤقف پیش کرنے اور شواہد دینے کا موقع دیا جائے اور صارف عدالت قانون کے مطابق نئے سرے سے فیصلہ کرے۔

واضح رہے کہ کسان نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ جعلی یا ناقص کھاد کے استعمال کے باعث میری فصل کی پیداوار متاثر ہوئی ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ